لاکھوں کشمیریوں نے ہتھیار اٹھا لیے تو کشمیرکو آزاد ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا

71

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نائب و چیئرمین امور کشمیر کمیٹی ارشد ندیم ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر سیز فائر لائن کی طرف مارچ کا اعلان کیا جائے ،وزیر اعظم پاکستان عمران خان جنرل اسمبلی کے اجلاس میں دنیا کو بتائیں کہ لاکھوں کشمیری سیز فائر لائن کی طرف نکل چکے ہیں اگر دنیا نے کشمیریوں کو حق دلوانے میں کردار ادانہیں کیا تو یہ لوگ سیز فائر لائن عبور کرنے اور ہتھیار اٹھانے پر مجبور ہو جائیں گے ،کشمیریوں نے عالمی برادری کے کہنے اور وعدے پر ہتھیار رکھے تھے عالمی برادری نے اگر اسی طرح خاموشی کا روزہ رکھے رکھا تو کشمیری ہتھیار اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر میں لاکھوں ریٹائرڈ فوجی اور جذبہ جہاد سے سرشار ہزاروں نوجوان موجود ہیں جو عالمی برادری کی سرد مہری اور مقبوضہ کشمیر میں قتل عام کی وجہ سے ہتھیار اٹھا سکتے ہیں ، لاکھوں کشمیریوں نے ہتھیار اٹھا لیے تو کشمیرکو آزاد ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا،ان شاء اللہ 15لاکھ بھارتی فوجیوں کا مقبوضہ کشمیر میں قبرستان بنے گا ۔انہوں نے کہاکہ کشمیری مسئلے کا پرامن حل چاہتے ہیں لیکن نریندر مودی کشمیریوں کو مجبور کررہے ہیں کہ وہ ہتھیار اٹھائیں اور قابض فوج کے خلاف جنگ کا اعلان کریں۔انہوں نے کہاکہ آزادکشمیرکے عوام اور مہاجرین کا صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے ،عالمی برادری اگر جنوبی ایشیا کو ایٹمی جنگ سے بچانا چاہتی ہے اور جنوبی ایشیا میں اپنے مفادات کا تحفظ چاہتی ہے تو ا س کو مسئلہ کشمیر حل کرنا ہو گا خطے میں جنگ ہوئی تو یہ ایٹمی جنگ ہو گی اس سے نہ صرف جنوبی ایشیا میں تباہی آئے گی بلکہ پوری دنیا کا امن متاثر ہو گا وہ ممالک جو بھارتمیں سرمایہ کاری کررہے ہیں وہ اس حقیقت کا ادراک کریں کہ ان کی سرمایہ کاری غارت جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے اسلاف نے نہتے ہونے کے باوجود مودی کے بڑوں کو مار بھگایا اب مقبوضہ کشمیر کو آزاد کروائیں گے ۔