راولپنڈی،الخدمت ایجوکیشن کے تحت چائلڈ پروٹیکشن سینٹر میں جشن آزادی

55

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی) الخدمت ایجوکیشن پروگرام کے تحت اسٹریٹ چلڈرن نے چائلڈ پروٹیکشن سینٹر میں جشن آزادی منایا، جس میں پچاس سے زائد بچوں نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حامد اطہر ملک نے کہا کہ ایسی تقریبات کے انعقاد سے اسٹریٹ چلڈرن کوصحت و تعلیم کے ساتھ ساتھ ذہنی و جسمانی نشوونما کے لیے ہم نصابی سرگرمیوں کے مواقع میسر آتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایک اندازے کے مطابق اس وقت پاکستان میں قریباً 13 لاکھ اسٹریٹ چلڈرن ہیں جو حکومتی عدم توجہ اورمعاشرتی رویوں کے باعث گھروں اور تعلیمی اداروں میں اپنا وقت گزارنے کے بجائے سٹرکوں پرمحنت مزدوری کرنے یا بھیک مانگنے پر مجبور ہیں۔ جشن آزادی کی تقریب میں حامد اطہر ملک صدر الخدمت فاؤنڈیشن،سیاسی و سماجی رہنما میاں اسلم، ڈاکٹر باقر خاکوانی نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آباد، جمیل ڈوگر کوآرڈینیٹر چائلڈ پروٹیکشن سینٹر، عالم دین نور الرحمن، سماجی شخصیت گلروز خان،اظہر شاہ اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر اسٹریٹ چلڈرن نے مختلف گیمز کے ذریعے اپنے ٹیلنٹ کا اظہار کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میاں اسلم نے کہا کہ الخدمت کے تحت ملک بھر میں چائلڈ پروٹیکشن سینٹر زکا قیام قابل تحسین ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت یوم پاکستان کی تقریب میں اسٹریٹ چلڈرن اور مہمانوں نے کیک بھی کاٹا۔