مقبوضہ کشمیر میں خواتین پر ظلم کی انتہا کی جارہی ہے ،ڈاکٹرشمیم حنیف

123

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر شمیم حنیف نے کہا ہے کہ بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں خواتین کو بطور ہتھیار استعمال کررہے ہیں ،خواتین پر ظلم کی انتہا کی جارہی ہے ،مقبوضہ کشمیر کی بہادر خواتین کو سلام پیش کرتے ہیں ان مظالم کے باوجود بھی ان کا جذبہ آزادی سرد نہیں ہوا ،آزاد خطے کی خواتین اپنی بہنوں کے شانہ بشانہ ہیں خواتین کے حقوق کی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں خواتین پر ڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس لیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ آج دن10بجے جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع مظفرآباد کے زیر اہتمام پریس کلب مظفرآباد سے گھڑی پن چوک تک خواتین ریلی نکالی جائے گی جس میں مقبوضہ کشمیر کی خواتین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی خواتین جس جرأت بہادری اور استقامت کے ساتھ آزادی کے مورچے میں ڈٹی ہوئی ہیں اس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔ انہوں نے کہاکہ 15لاکھ قابض بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں خواتین کو ٹارگٹ بنا کر مظالم ڈھا رہی ہیں تاکہ تحریک آزادی کشمیر کو کمزور کیا جا سکے ،لیکن مقبوضہ کشمیر کی خواتین استقامت کا پہاڑ بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ خواتین کی عالمی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں اپنے وفود بھیجیں تا کہ خود دیکھ سکیں کہ مظالم کی انتہا کیا ہے ۔