قوم نے تبدیلی کے نعرے لگانے والوں کو بھی دیکھ لیا ہے،عنایت امین

55

پشاور(وقائع نگار خصوصی)ناظمہ صوبہ جماعت اسلامی حلقہ خواتین خیبر پختو نخوا عنایت امین نے جماعت اسلامی کے یوم تاسیس کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ قوم سب کو آزما چکی ہے اور تبدیلی کے نعرے لگانے والوں کو بھی دیکھ لیا ہے تو اب حل صرف جماعت اسلامی ہے۔ عنایت امین نے کہا کہ جماعت اسلامی کا یہ پودا 26 اگست 1941 ء کو 75 لوگوں کی موجودگی میں لگایا گیا جو آج پروان چڑھ کر اب ایک مضبوط تناور درخت بن چکا ہے۔ جماعت اسلامی نے باکردار، ایماندار اور باصلاحیت پارلیمنٹیرینز پیدا کیے جن کی خدمات اور کارکردگی کا اعتراف ہر سطح پر ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے نہ صرف ملکی سیاست پر مثبت اور گہرے اثرات چھوڑے بلکہ جماعت نے ملک و قوم کی خدمت کا کوئی موقع بھی ہاتھ سے جانے نہ دیا، سیلاب ہوں یا زلزلے، دشمن کا حملہ ہو یا کشمیر سے اظہار یکجہتی، جماعت اسلامی ہر وقت سربکف رہی۔ عنایت امین نے جماعت اسلامی کی دعوت کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ جماعت کی دعوت ہے کہ اللہ کی بندگی اور اس کے نبی کی پیروی اختیار کرو، منافقت اور دورنگی چھوڑ دو، زمام کار مومنین و صالحین کے ہاتھ میں دے دو۔