رحیم یار خان جماعت اسلامی خواتین کی کشمیر بنے گا پاکستان ریلی

67

رحیم یار خان (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیر اہتمام ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں سیکڑوں کی تعداد میں خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی ناظمہ حلقہ خواتین مریم جمیلہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی یزیدی افواج نے گزشتہ 23 روز سے کشمیر کو کربلا بنا رکھا ہے۔ بھارت امریکا، اسرائیل نے ہماری شہ رگ کاٹنے کی سازش تیار کی۔ 90 لاکھ مظلوم کشمیری پاکستانی افواج، حکومت اور عوام سے مدد کی دہائیاں دے رہے ہیں، جہاد فرض عین ہوچکا۔ رحیم یار خان کی مائیں کشمیر کی آزادی کے لیے اپنے لخت جگر قربان کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم سیاسی و عسکری قیادت کشمیریوں کی پشت پر کھڑی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستانی قوم بھارت کیخلاف اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرے۔ پاکستان کے حکمرانوں نے اگر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کسی قسم کی کمزوری دکھائی تو اس کے سنگین نتائج نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت نازک صورتحال سے گزر رہا ہے، ایسی پالیسیاں مرتب کی جائیں جن کا تسلسل ہو۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نائب ناظمہ عائشہ شعیب نے کہا کہ مودی سر کار کی اسلام دشمن پالیسوں سے بھارتی 25 کروڑ مسلمانوں سمیت پاکستان کی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہوچکے ہیں۔ بھارت کی جانب سے بغیر اطلاع سیلابی ریلہ چھوڑنا آبی جارحیت ہے۔ بھارتی آبی جارحیت کیخلاف حکومت پا کستان کو ٹھوس لائحہ عمل طے کرنا چاہے۔ حکومت پاکستان فوری طور پر سیلاب کے ممکنہ خدشات اور نقصانات سے بچنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔ دریائے سندھ، ستلج اور چناب میں پانی کی سطح بڑھتی جارہی ہے۔ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنا قابل مذمت ہے۔ عالمی برادری بھارت کے گھنائونے کردار کی نفی کرتے ہوئے اس پر سفارتی دبائو بڑھائے۔ بھارت سوچی سمجھی سازش کے تحت علاقائی امن کو تہہ و بالا کرنا چاہتا ہے، جس سے ڈیرھ ارب افراد کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔ ریلی سے صدرہ ہارون سمیت دیگر خواتین نے بھی خطاب کیا۔ ریلی میں ننھے منھے بچوں نے کشمیری بچوں اور عوام سے یکجہتی اور بھارتی مظالم کیخلاف پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔