بھارت جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے،راجا فاضل حسین تبسم

86

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے سیکرٹری جنرل راجا فاضل حسین تبسم نے کہا ہے کہ نریندر مودی بھارت کے حصے بخرے کرنے کا سبب بنے گا ،بھارت کے اندر برہمن سامراج نے نچلی ذاتوں پر جو مظالم ڈھائے اور مقبوضہ کشمیر کے اندر 5لاکھ شہدا کا خون بھارت کے ٹوٹے کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوں گے ،تارکین وطن مسئلہ کشمیر کو اجاگرکرنے کے لیے قابل تحسین خدمات سرانجام دے رہیں ،پوری قوم تارکین وطن کی ان کاوشوں کی تحسین کرتی ہے ،کشمیری دنیا میں جہاں بھی ہیں روزانہ کی بنیاد پر اقوام متحدہ کے دفاتر میں یاداشت پیش کریں ،بھارت جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے اقوام متحدہ چپٹر 7کے مطابق بھارت کے خلاف کارروائی کرے ،ایک کروڑ انسانی زندگیوں کو مودی نما ہٹلر سے شدید خطرہ لاحق ہے عالمی برادری اس نازک اور خطرے ناک مرحلے پر سخت اقدامات کرے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے بیرون ملک سے آئے ہوئے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ کشمیرکی آزادی کا مرحلہ قریب آچکا ہے اس وقت پوری دنیا میں کشمیر فلش پوائنٹ ہے عوامی سطح پر اور حکومتی سطح پر دنیا کی ہر پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر زیر بحث ہے اور مودی کو خبردار کیا جارہا ہے کہ وہ انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت فراہم کرے یہ بڑی پیش رفت ہے انہوں نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر اور پاکستان جہاد کا اعلان کریں بھارت 72سالوں سے مسلسل ہٹ دھرمی سے کام لے رہا ہے اور مذاکرات کو کشمیریوں کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت آزادکشمیر میں 5 لاکھ سے زائد ریٹائرڈ فوجی اور لاکھوں جذبہ جہاد سے سرشار نوجوان اپنے بھائیوں کی مدد کے لیے بے تا ب ہیں عالمی بردادری نے مودی کے مظالم کو نہ روکا تو کشمیری ہتھیار اٹھانے پر مجبور ہوں گے 4ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ کروڑوں انسانوں کو موت کے منہ میں دھکیل دے گی اس سے پوری دنیا کے امن کو تباہی سے کوئی نہیں بچا سکتا وہ ممالک جو بھارت میں اپنی سرمایہ کاری کی باتیں کررہے ہیں وہ ذہن نشین کر لیں کہ ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ کے بعد یہاں گھاس بھی نہیں اگے گی ان کا سرمایہ کہاں جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت بھارت میں ایسا فرد اور ایسی پارٹی برسر اقتدار ہے جس کا منشور دہشت گردی ہے بھارت کے اندر کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیں ہے آر ایس ایس کے غنڈے مودی کی سرپرستی میں دیگر مذاہب کے مقدس مقامات کو نقصانات پہنچا رہے ہیں اور لوگوں کو زبر دستی ہندو بنانے کی کوشش کررہے ہیں عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے ۔