حکومت ہوشربا مہنگائی کنٹرول میں ناکام ہے ،میاں عبدالستار بیگا

73

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 114کے امیر میاںعبدالستاربیگا،جنرل سیکرٹری چودھری نویداسلم اوردیگرنے مہنگائی کی سونامی پر شدید تشویش کا اظہار اورآئے دن مہنگائی کے بڑھتے ہوئے سیلاب،عوام کی زبوں حالی اور مشکلات کو وفاقی حکومت کی مکمل ناکامی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اپنے وعدے کے مطابق بیرون ملک لوٹی ہوئی رقم کی واپسی، آئی ایم ایف ورلڈ بینک کے معاشی پالیسیوں سے آزادی اور عوام کو خاطر خواہ ریلیف دینے کے لیے سود سے پاک معاشی پالیسی نافذ کرے۔ موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں، ڈالر کی اونچی اڑان، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہر ماہ اضافے نے مہنگائی میں زبردست اضافہ کردیا ہے جس کی وجہ سے عوام کا جینا مشکل ہو چکا ہے، غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہوتا جارہا ہے، عام آدمی کیلیے بچوں کی دو وقت کی روٹی اور گھر کا چولہا جلانا بھی مشکل ہوگیا ہے، آئے روز مائیں اپنے جگر گوشوں کے ساتھ خودکشیاں کررہی ہیں جبکہ حکمران عوام کی خستہ حالی اور غربت کے خاتمے کیلیے کوئی مؤثر منصوبہ بندی عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مزید بوجھ برداشت کرنے کے بھاشن دیکر غریب لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑک رہے ہیں۔