اقوام متحدہ انسانیت کو بچانے کیلیے کشمیر میں امن فوج فوری بھیجے،سید صلاح الدین

90

مظفرآباد(صباح نیوز) بھارت کے زیر قبضہ جموں کشمیر میں انسانیت کو بچانے کے لیے اقوام متحدہ فی الفور امن افواج بھیجے، ورنہ ایک فریق کی حیثیت سے پاکستان کی آئینی ذمے داری ہے کے وہ مظلوم کشمیریوں کی مدد کے لیے آگے بڑھے،بھارت کیخلاف ہماری جنگ تاحصول آزادی ہر قیمت ہر صورت جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین متحدہ جہاد کونسل سید صلاح الدین نے مظفرآباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سید صلاح الدین نے کہا کے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے انتخابی وعدے کے مطابق جموں کشمیر کی متنازع خصوصی حیثیت کو قانونی جارحیت سے ختم کر کے ریاست کے وجود،تشخص اور وحدت کو پارہ پارہ کردیا ہے۔ ہمارے سیاست کار، سفارت کار اورارباب اقتدار نے بروقت بھارت کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ صلاح الدین نے خطاب میں کہا کے مودی کے منشورمیں آزاد کشمیر پر بھی قبضہ کرنا شامل ہے بھارت تیزی سے ناپاک ارادوں کو پروان چڑھا رہا ہے۔ بھارت نے اقوام متحدہ کی قرار دادوں، عالمی ضابطوں سے سرکشی کرکے سہ فریقی مسئلہ کی متنازعہ حیثیت کو یکطرفہ طور پر بدل دیا ہے، مودی مقبوضہ ریاست کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے منصوبے پے کار بند ہے،مودی حکومت 13لاکھ شرناتریوں کو آباد کرنے کا منصوبہ بنا چکی ہے ،مودی صنعت کاروں کو کارخانے لگانے کے لیے بلا رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ایک پوری قوم کو کرفیو میں جکڑ دیا گیاہے، فوجی طاقت سے پوری ریاستی عوام کو یرغمال اور محاصرے میں لے لیا ہے،میڈیا کابلیک آؤٹ ۔بھارت کاسفاک سامراج مسلمانوں کے خون کا پیاسا بن چکا ہے ،بی جے پی کے ان ہی ظالموں نے جموں کے نہتے مسلمانوں کو لاکھوں کی تعداد میں قتل کیا تھا۔سید صلاح الدین نے خطاب میں کہا کے مملکت خداداد پاکستان! اللہ تعالیٰ کی ذات عالی کے بعد ہمارا واحد دنیاوی سہارا ہے پاکستان ہمیں بہت عزیز ہے یہی ہماری امیدوں کا مرکز ہے۔انہوںنے کہا کے ہم وزیراعظم عمران خان،عوام خواتین، بچوں اور بزرگوں کے مشکور ہیں ہمارے بھائی کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم تاریخ کے اس نازک ترین موڑ پر پاکستان سے فوجی مداخلت کی اپیل کرتے ہیں، دوسرا راستہ یہ ہے کے حکومت پاکستان کشمیری نوجوانوں کو مسلح کرے، ہمیں فوجی مدد دینا پاکستان کی آئینی ذمے داری ہے۔