جماعت اسلامی ضلع سدھنوتی کے تحت کشمیریوں کی حمایت میں ریلی

50

پلندری(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی ضلع سدھنوتی کے امیر سردار ذوالفقار نے کہا ہے کہ ضلع سدھنوتی کی تمام جماعتوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکال کر یہ پیغام دیا ہے کہ ہم اپنے بھائیوں کے شانہ بشانہ ہیں ریلی کا آغاز منگ سے کیا گیا۔ ریلی پلندری ،گڑالہ،تراڑکھل سے ہوتی ہوئی ہجیرہ پہنچی،ریلی کی قیادت کی مولانا عبید اللہ فاروقی اور دیگر قائدین نے کر کے یکجہتی کا پیغام دیا۔ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے قائدین نے کہاکہ آزاد خطے کے عوام سیز فائر لائن توڑنے کی کال کے منتظر ہیں جب بھی مشترکہ کال آئے گی تو ضلع سدھنوتی کے ہزاروں افراد اس میں شریک ہو ںگے۔ اس موقع پر امیر ضلع سردار ذوالفقار نے کہاکہ جماعت اسلامی اوّل روز سے اس تحریک کی پشتیبان ہے اور آزادی تک پشتیبانی کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ سدھنوتی کے عوام نے آج ثابت کر دیا کہ ان کے اندر جذبہ جہاد اسی طرح موجود ہے جس طرح 1947ء میں تھا 1947ء میں ہمارے اسلاف نے بے پنا قربانیاں پیش کیں جن کے نتیجے میں یہ خطہ آزاد ہوا ۔