بھارت مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے،راجافاضل

50

نیلم(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے سیکرٹری جنرل راجا فاضل حسین تبسم نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے عالمی برادری بھارت کے خلاف کارروائی کرے ،نریندرمودی نے 15 لاکھ بھارتی قابض افواج کو حکم دے رکھا ہے کہ وہ ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کی نسل کشی کریں ،آر ایس ایس کے غنڈوں کو مسلح کر کے مقبوضہ کشمیر بھیجنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے جس پر بھارت کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے ،آزاد خطے کے عوام بھارت کے خلاف اعلان جنگ کرتے ہیں بھارتی قابض افواج سیز فائر لائن پر فائرنگ کر کے نہتے لوگوں کو اور اسپتالوں کو نشانہ بنا رہے ہیں ،آزاد خطے کے غیوراور بہادر عوام بھارت کے لیے موت کا پیغام ثابت ہوں گے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے نیلم میں سیز فائر لائن کے ملحقہ علاقوں کے دورے کے موقع پر متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی افواج نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نیلم میں کلسٹر بم گرائے جس سے بچے اور خواتین شہید اور زخمی ہوئی ہیں آج بھی نیلم کے جنگلوں اور آبادی میں کھلوانا نما بم موجود ہیں اقوا م متحدہ اور عالمی برادری کو اس پر اقدامات کرنے چاہیں ،انہوں نے کہاکہ کشمیرکی آزادی کا وقت آچکا ہے نریندر مودی کے انتہا پسندانہ پالیسیوں اور بھارت میں نچلی ذات کے ساتھ سلوک کی وجہ سے بھارت ٹکڑے ٹکڑے ہو جائے گا عالمی برادری مستند دہشت گرد نریندر مودی کو کٹہرے میں کھڑا کرے اور بھارت کے خلاف کارروائی کرے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور اس کے ادارے رضا کار ہر طرح کی مہم جوئی کے خلاف تیار ہیں۔