حجاب علامت ہے اس نظام کی جس نے عورت کو تحفظ دیا،فوزیہ محبوب

46

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی قائم مقام ضلعی ناظمہ فوزیہ محبوب نے کہا ہے کہ عالمی یوم حجاب اسی بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ دنیا عورت کے حق حجاب کو تسلیم کرے،حجاب علامت ہے اس نظام کی جس نے عورت کو تحفظ دیا،نظام حجاب مسلمان عورت کی وہ قوت ہے جس کے نفاذ کے ذریعے ویمن امپاورمنٹ کا خواب پورا ہوتا ہے،اس سال ہم عالمی یوم حجاب‘‘اپنی کشمیری ماؤں بہنوں کے نام کررہے ہیں،کشمیری خواتین اپنے عصمت و حجاب کے تحفظ کے لیے کسی محمد بن قاسم کی آمد کی منتظر ہیں۔ جماعت اسلامی حلقہ خواتین عالمی یوم حجاب کے موقع پر اپنی کشمیری ماؤںبہنوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ ہم لہو کے آخری قطرے اور زندگی کی آخری سانس تک اپنی کشمیری ماؤں،بہنوں اور بیٹیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ہم عالمی یوم حجاب کشمیر کی جدو جہد آزادی کے نام کرتے ہیں۔ کشمیری ماؤں بیٹیوں کی سر کی ردا اور چادر کے تحفظ کے نام کرتے ہیں۔اس موقع پر ہماری ہر سرگرمی میں کشمیری خواتین کا تذکرہ ہوگا ہم ان پرہونے والے مظالم کو اجاگر کریں گے اور دنیا کو اس کا فرض یاد دلانے کی کوشش کریں گے۔ہر مکتب فکر کی خواتین کو حجاب اور کشمیر سے متعلق لٹریچر فراہم کیا جائے گا،پمفلٹ تقسیم کیے جائیں گے۔فوزیہ محبوب نے کہاکہ آج شرق وغرب سے بیدار ہونے والی مسلمان عورت ہرقسم کی دہشت گردی اور ظلم و زیادتی سے نفرت وبیزاری کا اظہار کرتے ہوئے عزم کر رہی ہے کہ وہ اپنی اقدارو روایات پرنہ زبردستی کاتسلط قبول کر ے گی اورنہ اپنی عزت و عصمت پر آنچ آنے دے گی خواہ اس کے لیے اسے کتنی بڑی قربانی ہی کیوں نہ دینی پڑے۔