مغرب مسلمانوں کو فروعی اختلاف میں تقسیم کرنا چاہتا ہے،محمد الطاف

68

لاہور (وقائع نگار خصوصی) منتظم اعلیٰ جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان محمد الطاف نے کہا کہ 10 محرم الحرام 1395ھ کو جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کا قیام عمل میں لایا گیاجس کے قیام کا مقصد دینی مدارس کے طلبہ کو اخوت و محبت اتحاد امت کے تصور سے ہم آہنگ کرتی ہے، تمام مکاتب فکر کے لوگوں نے اس کے قیام میں اپنا کردار ادا کیا، اب دینی مدارس کے تحفظ کے لیے طلبہ اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے علما کرام پر زور دیا کہ وہ فروعی اور مسلکی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں، تاکہ مغرب کی برپا کی گئی تہذیبی جنگ کا مقابلہ کیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم تاسیس جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کے موقع پر جمعیت طلبہ عربیہ حیدر آبادکے زیر اہتمام پرچم کشائی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ علماء کرام محرم الحرام میں اشتعال انگیزی سے گریز کرتے ہوئے عوام الناس کو محرم الحرام کے حقیقی پیغام سے آگاہ کریں اور علماء اخوت ومحبت کی فضاء قائم رکھنے کے لیے برداشت صبر وتحمل کا مظاہر ہ کریں۔ حضرت حسین ؓ نے طاغوت کے مقابلے میں جام شہادت نوش کرکے امت مسلمہ کو طاغوت کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا درس دیا،طاغوتی عناصر کا مقابلہ کرنادین اسلام پر چلنے والوں کا طرہ امیتاز ہے حضرت حسین ؓ کی سیرت امت مسلمہ کے حکمرانوں اور ہر عام فرد کے لیے بہترین مشعل راہ ہے، حکمران حضرت حسینؓ کی سیرت پر عمل پیرا ہوکر امت مسلمہ میں موجودہ مسائل سے چھٹکارہ دلائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلمانوں کو موجودہ دور کے طاغوتی امریکا اور اس کے حواریوںکا ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہیے۔ فلسطینی عوام اسرائیل کیخلاف جہاد کرکے تاریخ عاشورہ کو زندہ کررہی ہے۔ امت مسلمہ کا ہر فرد اپنے اسلاف کی سیرت پر علم پیرا ہوکر امت کو موجودہ مسائل سے نکالنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ حکمرانوں کی غفلت اور مفاد پرستی کے سبب قوم تباہی اور بربادی کی جانب گامزن ہے۔ دینی غیرت سے عاری بے حمیت حکمرانوں نے پوری دنیا میں مسلمانوں کو ذلیل وخوار کیا ہوا ہے۔ جمعیت طلبہ عربیہ اپنا یوم تاسیس مظلوم کشمیریوں کے نام کرتی ہے، جنہوں نے آزادی کے لے بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں۔