مسائل کے حل کیلئے نعمت اللہ کا ویژن اختیارکیا جائے ، عشرت العباد

48

کراچی (رپورٹ : محمد انور) سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ” کراچی شہر کے مسائل کے سدباب کے لیے ضروری ہے کہ سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے ویژن اور اس دور کے وفاق کے ساتھ کو آرڈینیشن فارمولے پر عمل کیا جائے تاکہ شہر دوبارہ ترقی کرسکے اور شہری
سکون کا سانس لے سکیں۔ وہ بدھ کی شام دبئی سے نمائندہ جسارت سے ٹیلی فونک گفتگو کر رہے تھے۔ سندھ میں ریکارڈ مدت تک گورنر رہنے والے ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ ان دنوں شہر کے امور کے ذمے داروں اور اسٹیک ہولڈرز مسائل حل کرنے لیے غیر سنجیدہ ہیں۔ کراچی کے مسائل، بیانات، دعوؤں اور باتوں سے حل نہیں ہونگے بلکہ اس کے حل لیے بلدیاتی اداروں اس کے منتخب میئر، سندھ اور وفاقی حکومت کو شہری امور سے دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے ویژن، ان کی محنت اور لگن کے مطابق ان مسائل کے سدباب کے لیے پلاننگ کرنا چاہیے۔ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے بتایا کہ ان کی اور نعمت اللہ خان کی تجویز پر2003ء میں اس وقت کے صدر پرویز مشرف سے بات کر کے ان سے کراچی کے لیے29 ارب روپے کا پیکج منظور کرایا تھا اور ان کی تجویز پر کراچی میں موجود وفاقی اداروں سے اس کراچی پیکج کے لیے عمل درآمد کرایا تھا۔ سابق گورنر نے کہا کہ یقینا یہ ایک مثالی “ٹیم ورک” تھا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی صورتحال دیکھ کر تشویش ہونا ایک فطری بات ہے‘ ضرورت اس امر کی ہے کہ روشنیوں کے شہر کے مسائل کے حل کے لیے ایک کوآرڈینیشن بورڈ فوری تشکیل دیا جائے جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی نمائندگی ہو۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ” ابھی میں کسی سیاسی جماعت میں نہیں ہوں اور ابھی کسی جماعت میں شامل ہونے کا سوچ بھی نہیں رہا، فی الحال میں بس اسی طرح آزادانہ سیاسی اور سماجی کردار ادا کرنا چاہتا ہوں”۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں اس بات کا بھی اظہار کیا کہ جماعت اسلامی کے رہنما اچھے ہیں معراج الہدیٰ صدیقی سمیت کئی دوسروں سے میرے رابطے بھی ہیں، ڈاکٹر معراج بھائی تو میرے میڈیکل کالج کے ساتھی ہیں۔ ڈاکٹر عشرت العباد نے سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کی کراچی کے لیے خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی مکمل صحت یابی اور درازی عمر کی بھی دعا کی ہے۔
عشرت العباد