الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن سے سالانہ 7ملین لوگ مستفید ہورہے ہیں،محمد عبدالشکور

53

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی)الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن کے بورڈ کا اجلاس وائس چیئرمین الخدمت ہیلتھ فاؤندیشن ڈاکٹر حفیظ الرحٰمن کی زیر ِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن محمد عبدالشکور، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ، نیشنل ڈائریکٹر الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن ڈاکٹر محمد افضل، نیشنل ڈائریکٹر ڈائیگناسٹک نیٹ ورک انجینئر صابر احمد، ڈائریکٹر فارمیسی نیٹ ورک جمشید احمد اور منیجنگ ڈائریکٹرسفیان احمد خان نے شرکت کی۔ اجلاس میںالخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن کی ملک بھر میں صحت عامہ کے حوالے سے جاری سرگرمیوں کی سالانہ جائزہ و منصوبہ بندی رپورٹس پیش کی گئیں جس میں تمام ریجنز کی کارکردگی رپورٹس ،مکمل اور زیرِ تکمیل میگا پروجیکٹس کی رپورٹس ، ڈائیگناسٹک سینٹرز کی آڈٹ رپورٹس سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد عبدالشکور نے کہا کہ صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی معاشرے کے ہر فرد کا بنیادی حق ہیں۔ الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن دیگر سماجی خدمات کی طرح صحت عامہ کے شعبے میں بھی ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے۔ ہمارا مقصد ملک کے شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دور درازپسماندہ علاقوں میں بھی عوام الناس تک صحت عامہ کی بنیادی سہولیات بہم پہنچانا ہے۔ اس وقت ملک بھر میں الخدمت کے شعبہ صحت کے تحت20اسپتال، 21 زچہ و بچہ سینٹرز، 119 ڈائیگناسٹک سینٹرزاور بلڈ بینک اینڈ تھیلیسیمیا سینٹرز، 81 ڈسپنسریاںاور 284 ایمبولینسز خدمات سرانجام دے رہی ہیں جبکہ گزشتہ سال ملک بھرمیں 371فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا گیا ۔ الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن کی ان خدمات سے سالانہ 7ملین لوگ مستفید ہورہے ہیں۔