اسلام آباد اسمال چیمبر ترقی میں کرداراداکررہا ہے‘سجاد سرور

68

اسلام آباد ( نامہ نگار) سارک ایس ایم ای کمیٹی کے وائس چیئرمین چودھری سجاد سرور‘ رانا محمد ایاز اور عمران شبیر عباسی نے کہا ہے کہ اسلام آباد اسمال چیمبر اپنے تمام اراکین کی فلاح بہبود کے لیے کام کررہا ہے اور صنعتی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک میں معاشی ترقی کے لیے علاقائی ممالک کے کامیاب سرمایہ کاری ماڈلز اپنائے جائیں ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ خزانہ، منصوبہ بندی، تجارت ڈویژنوں اور سرمایہ کاری بورڈ کو ہدایت کی جانی چاہیے کہ وہ سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات اور مراعات پیش کرنے کے لیے علاقائی ممالک کے کامیاب سرمایہ کاری ماڈلز کی پیروی کریں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں سی پیک ہمارے لیے بہت اہم ہے اور دونوں ملک مل کر کام کر رہے ہیں، پاک چین دوستی چٹان کی طرح مضبوط ہے جو نئے دور میں مشترکہ مستقبل کی حامل پاک چین برادری کو مستحکم بنائے گی۔