حیدرآباد:واپڈا ملازمین کے خطرہ الاؤنٹس میں اضافہ ،ورکروں میں خوشی کی لہر

73

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے) کے صوبائی جنرل سیکرٹری اقبال احمد خان نے کہا ہے کہ لائن مین کا خطرہ الائونس 5ہزار روپے سے بڑھاکر 7ہزار روپے ماہانہ کرا دیا گیا ہے، ملازمین کی ترقیوں اور اَپ گریڈیشن کیلیے تمام پرموشن بوڈز اسی ماہ مکمل کرالیے جائیں گے جس سے مختلف کیڈرز کے سیکڑوں ملازمین کو استفادہ ہوگا۔ میرج گرانٹ اور دور درازعلاقوں میں کام کرنے والوں کو15فیصد طبی الائونس کیلیے اپنے اپنے متعلقہ دفاتر سے رابطہ کریں۔وہ اندرون سندھ حیسکو کے ملازمین سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر دیگر صوبائی ،زونل ،ڈویژنل عہدیداران ملک سلطان علی، اعظم خان،محمد حنیف خان،شیر محمد نظامانی،علی اصغر خاصخیلی، عبدالقادر کلوئی،عبدالرحیم انصاری، ضیا الدین قریشی،عبدالحمید ڈاہری،عظمت پٹھان،منظور بروہی، عبدالرحیم ڈاہری ،اصغر درس،شوکت قائمخانی، نورحسین وغیرہ بھی اسٹیج پر موجود تھے۔صوبائی سیکرٹری نے کہا کہ آپ کی سی بی اے یونین مسلسل ملازمین کے مسائل کے حل کیلیے کوشاں ہے کیونکہ ہمارے قائد صدر یونین عبداللطیف نظامانی اور مرکزی سیکرٹری خورشید احمد نے جس طرح ملک بھرکے محنت کشوں کی خدمت کی ہے اور انہوں نے زندگی مزدور کاز اور ان کی بھلائی کیلیے وقف کردی ہے ایسی مثال اور ایسے قائدین ہمیں کہیں نہیں ملیں گے ۔یہی وجہ ہے کہ قیام پاکستان سے قبل قائم ہونے والی ہماری مزدور تحریک آج اللہ کے فضل وکرم سے منظم اور مضبوطی کیساتھ ملازمین کے مسائل کے حل کیلیے ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اتنا طویل عرصہ گزرنے کے باوجود بھی ملازمین کے دل میں بستی ہے اور ہر امتحان چاہے ریفرنڈم ہویا نجکاری کیخلاف تحریک ببانگ دہل محنت کشوں کی ترجمان ثابت ہوئی۔آج کے اس اجلاس کا مقصد آپ سے رابطہ کیا جائے اور آپ کے مسائل پر بات ہوکیونکہ یونین نے بہت سارے احکامات جاری کرائے ہوئے ہیں دیکھنا یہ ہے کہ ان کے ثمرات سے ملازمین فیضیاب ہوئے کہ نہیں۔ یونین نے بہت سارے ملازمین کے اَپ گریڈیشن، ترقیاں، میرج گرانٹ، طبی سہولیات کے احکامات جاری کرائے ہیں اور مزید اسی ماہ میں دیگر رہے ہوئے کیڈرز کے بھی پروموشن بورڈ کے ذریعے احکامات جاری کرائے جارہے ہیں تاکہ تمام ملازمین ان احکامات کے ثمرات سے مستفید ہوسکیں۔