ـ47 روز سے گھروں میں محصور کشمیری کسی محمد بن قسم کا انتظار کررہے ہیں

61

لاہور(وقائع نگار خصوصی )امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ کشمیر میں ظلم و جبر کی ایک نئی تاریخ رقم ہو رہی ہے اور اس خطے کے تمام حکمران طبقات سمیت دنیا بھر کی سامراجی طاقتیں اس خونی کھیل میں شریک ہیں۔ 47 روز سے گھروں میں محصور کشمیری مسلمان مائیں، بہنیں اور بیٹیاں معصوم بچوں کے ساتھ بھوک، پیاس اور علاج معالجہ سمیت دیگر انسانی ضروریات سے محروم کسی محمد بن قسم کا انتظار کررہی ہیں۔ ستر سال سے اقوام متحدہ اور عالمی برادری بھارت کے ساتھ کشمیر یوں کے حقوق کی حق تلفی میں برابر کی شریک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر بھر میں کشمیری مسلمانوںکے ساتھ اظہار یکجہتی کیلیے مساجد کے باہر کارڈ ڈسپلے مہم اور دیگر پروگرامات میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ذکر اللہ مجاہدنے مزید کہا کہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جاری ریاستی دہشت گردی کو بے نقاب کرنے کیلیے پوری پاکستانی قوم اور دنیا بھر کے مسلمان سٹرکوں پر نکل آئے ہیں۔کشمیری مسلمان پاکستان کی بقا، سلامتی اور استحکام کیلیے پاکستانی پرچموں کے ساتھ اپنی جانوں کے نذارنے پیش کر رہے ہیں اور ان ہی پرچموں کے ساتھ قبروں میں سپرد خاک ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری امت مسلمہ اس وقت کشمیری مسلمانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ وادی کشمیر میں مکمل طور پر لاک ڈاؤن جاری ہے اور وادی کی اسی لاکھ سے زائد آبادی کو موت کے منہ میں دھکیلا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمار ے حکمران مسئلہ کشمیر پر آخر حد تک جانے کی تو بات کرتے ہیں مگر کشمیریوں کی عملی مدد کیلیے کچھ نہیں کررہے جو قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ موجودہ حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمران باتوں کے جہاد سے نکل کر عملی طور پر وادی میں پاکستانی افواج کو داخل کریں پاکستان قوم کا بچہ بچہ افواج پاکستان کے ساتھ دفاع پاکستان اور کشمیریوں کیلیے کٹ مرنے کو تیار ہے۔ بعد ازں جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام 6 اکتوبر کو ناصر باغ تااسمبلی ہال تک ہونے والے عظیم الشان آزادی کشمیر مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں اور کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلیے کارڈ سپلے مہم کے حوالے سے منصورہ ، سندر روڈ ، چائنہ سکیم ، جوہر ٹاون ، ٹائون شپ سمیت دیگر علاقوں میں نماز جمعہ کے بعد مساجدکے سامنے یکجہتی کشمیر مظاہرے کیے گئے اور عوام کو مارچ میں شرکت کی دعوت دی گئی ۔