حیدرآباد،فنی خرابی کے نام پر حیسکو نے طویل لوڈشیڈنگ کردی،خلیل جبران

47

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)فنی خرابی کے نام پر حیسکو نے طویل لوڈ شیڈنگ شروع کردی بجلی چوروں کی چوری چھپانے کے لیے مختلف علاقوں میں طویل لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جس کے لیے ٹرانسفارمر سے لنک ہٹادیا جاتا ہے صارفین کے حیسکو کے دفاتر سے رجوع کرنے پر فنی خرابی کا بہانہ بنادیاجاتا ہے حیسکو میں چھپی ہوئی کالی بھیڑیں ماہانہ بھتے پر بجلی چوری کررہی ہے اور اس بات کی ضمانت بھی بجلی چوروںکو دی جارہی ہے کہ ان کیخلاف کارروائی نہیں ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار ادبی، سماجی، ثقافتی تنظیم قلم کار اکیڈمی کے رہنما خلیل جبار، ڈاکٹر اخلاق اور ایس حمید شاہ نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حیسکو کی جانب سے طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے کاروبار بری طرح متاثر کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ دو ڈنڈا بردار واپڈا اہلکار صبح چھے بجے سے شہر میں گشت شروع کردیتے ہیں جس علاقے میں طویل لوڈشیڈنگ کرنا ہوتی ہے وہاں کا لنک ٹرانسفارمر سے ہٹادیا جاتا ہے، جس سے صرف مخصوص علاقے کی ہی بجلی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیسکو مافیا کیخلاف کارروائی کی جائے۔