بھارتی فوج نے کشمیر میں تمام اخلاقی اور قانونی حدود پار کرلیں، ساجن ملاح

44

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان واپڈا ایمپلائز پیغام یونین کے تحت کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور جبر کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت یونین رہنماؤں ساجن ملاح‘ علاؤ الدین قائم خانی‘ صفدر آرائیں ودیگر نے کی۔ شرکا بھارتی مظالم کیخلاف نعرے بازی کررہے تھے۔ رہنمائوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بھارتی فوج کے ظلم وستم نے تمام اخلاقی اور قانونی حدود پار کرلی ہیں گزشتہ45 دن سے کرفیو کی وجہ سے کشمیری گھروں میں قید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کشمیر میں نو لاکھ فوج تعینات کیے ہوئے، جس کی وجہ سے ہر گھر قید خانہ بن کر رہ گیا ہے۔ 45 دن سے مسلسل کرفیو کے سبب خوراک اور ادویات کی قلت نے شدت اختیار کرلی ہے، جس کی وجہ سے کشمیر میں بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم وستم کا نوٹس لے کر کشمیری عوام کو نجات دلائی جائے۔