رواں برس ’’مائنس ون‘‘ نہیں ’’مائنس آل‘‘ ہوگا، حافظ حسین احمد

61

کوئٹہ(آن لائن)جمعیت علمائے اسلام(ف) کے مرکزی ترجمان اور سابق پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ اس سال کے آخر تک ’’مائنس ون‘‘ نہیں بلکہ اب ’’مائنس آل‘‘ ہوگا کیوں کہ پورا کچرا صاف کیے بغیر کام نہیں چلے گا ، مدارس کوقومی دھارے میں لانے والے سرکاری تعلیمی اداروں کو بھی اسلامی دھارے میں لے آئیں،مدارس عربیہ پہلے سے ہی قومی دھارے میں ہیں۔وہ ہفتے کو اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں بلوچستان کے مختلف مدارس کے ذمے داروں اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر سائنس فواد چودھری نے علماء کے خلاف تازہ ہرزہ سرائی میں کہا ہے کہ کشمیر جہاد کے لیے علماء آواز نہیں اٹھا رہے کیوں کہ افغان جہاد میں ڈالر ملتے تھے اور کشمیر جہادمیں ڈالر نہیں مل رہے پر تبصرہ کرتے ہوئے حافظ حسین احمد نے کہا کہ عمران احمد نیازی نے امریکا جانے سے قبل یہ بیان دیا کہ پاکستان اور باہر سے کشمیر جہاد کے لیے جانیوالے کشمیریوں کے ساتھ ظلم کریں گے اور وہ ظالم ہوں گے، آج امریکا نے عمران احمد نیازی کے جہاد کشمیر کے خلاف بیان اور موقف کو سراہا اور ان کو شاباشی دی ، فواد چودھری کشمیر جہاد کی امریکی ڈالروں کے لیے مخالفت علماء نہیں عمران احمد نیازی کررہے ہیں، آپ اپنا ریکارڈ درست رکھیں۔انہوں نے کہا کہ امریکا اور اقوام متحدہ کشمیر پر ثالثی کی آڑ میں نیا کھیل کھیلنے کے بجائے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کے متفقہ قراردادوں پر بھارت کو عمل کرنے پر مجبور کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران احمد نیازی جتنی بار امریکا حاضری دیں گے اتنا وہ امریکی فریب کی دلدل میں دھنستے جائیں گے ۔

حافظ حسین احمد