حیدراباد:شدید گرمی میں بجلی کی بد ترین لوڈشیڈنگ ،شہری بلبلا اٹھے

46

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد میں شدید گرمی میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ سے شہری بلبل اٹھے، حیسکو کے ستائے مرد خواتین اور بچے سڑکوں پر نکل آئے ،ہنگامہ آرائی کی اور ٹائر جلا کر احتجاج کیا۔ کچا قلعہ، شاہ فیصل کالونی، ممتاز کالونی کے مکینوں نے قاضی عبدالقیوم روڈ پر سخت احتجاج کیا اور مصروف ترین شاہراہ کو بلاک کردیا۔مظاہرین میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے انہوںنے ٹائروں کو نذر آتش کرتے ہوئے پتھراؤ کیا ۔اس موقع پرمظاہرین کا کہنا تھا کہ درجہ حرات 41 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز گرگیا جس کے باعث شہریوں کا شدید گرمی حبس میں سانس لینا مشکل ہے ۔ ان حالات میں حیسکو کی جانب سے بدترین اعلانیہ وغیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جارہی۔ مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ دو روز سے علاقے میں بجلی کا تعطل ہے کوئی شنوائی نہیں ہورہی حیسکو کا عملہ ظالم بنا ہوا ہے تاہم پولیس اور حیسکو عملے کی جانب سے یقین دہانی پر احتجاج ختم کیا گیا ۔ دوسری جانب کئی روز سے بجلی کے تعطل کے خلاف یونٹ نمبر5لطیف آباد کی کرسچن کالونی سے تعلق رکھنے والے افراد نے سخت احتجاج کرتے ہوئے بھٹائی اسپتال کے سامنے ٹائروں کو نذر آتش کیا۔ انہوںنے ٹریفک معطل کردیا اور حیسکو کے خلاف نعرے بازی کی مظاہرین کا کہنا تھا کہ حیسکو کا دفتر یونٹ نمبر6سے حسین آباد منتقل کردیا گیا ہے فون اٹھانا حیسکو عملہ اپنا توہین سمجھتا ہے اتنی دور جاکر کئی بار شکایت کی لیکن کوئی بات سننے کو تیار نہیں ہے معصوم بچے گرمی سے بلبلا رہے ہیں واضح رہے کہ لطیف آباد، سٹی، کھوکھر محلہ، رسالہ روڈ سمیت دیگر مقامات پر غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس سے شہری پریشان ہیں دوسری جانب لیاقت کالونی غوثیہ مسجد کے قریب نالے پر نصب شدہ بجلی کا ٹرانسفارمرتین روز سے خراب ہے جس پر علاقہ مکینوں نے سخت احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ گرمی کے موسم میں معصوم بچوں کو رحم کیاجائے اور فوری طور پر ٹرانسفارمر کی مرمت کی جائے یا دوسرا نصب کیاجائے ۔
گرمی