حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) جمہوریت کے نام پر عوامی سہولیات سے عوام کو محروم کردیا گیا ہے، عوام کے لیے چلنے والی بسوں کو شہر سے ختم کردیا گیا، عوام رکشہ مافیا کے رحم وکرم پر ہیں۔ان خیالات کا اظہار قلم کار اکیڈمی کے رہنما خلیل جبار، ڈاکٹر محمد اخلاق، حاجی ایس حمید شاہ نے کہا کہ 80 کی دہائی تک عوام کی سہولیات کے لیے کوٹری، لطیف آباد اور دیگر علاقوں کے لیے بسیں چلتی تھیں، جس سے عوام کو بڑی سہولت تھی، کراچی اور اندرون سندھ جانے والے مسافروں کو آسانی سے شہر سے بسیں مل جاتی تھیں مگر اب بسوں کے اڈے شہر سے باہر منتقل کرکے عوام کو تکلیف میں مبتلا کیا گیا ہے۔ بس اڈوں تک جانے کے لیے رکشہ کرنا پڑتا ہے جبکہ رکشہ مافیا منہ مانگا کرایہ وصول کرتے ہیں۔ بیرون شہر کے اڈے باہر منتقل کیے ہیں تو اندرون شہر میں بسیں چلائی جائیں تاکہ لوگ اڈوں تک پہنچ سکیں۔