حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں یونیورسٹی اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ کے زیر اہتمام سندھ کے تمام تعلیمی بورڈز میں ناظم امتحانات اور سیکرٹریز کے انٹرویو شروع ہوگئے حیدرآباد میں آئی بی اے ٹیسٹ میں199پروفیسرز اور اعلی تعلیم رکھنے والے شعبہ تعلیم سے وابستہ امیدواروں نے حصہ لیا حیدرآباد میں آئی بی اے ٹیسٹ میں پاس ہونے والے امیدواروں سے انٹرویوز لیے جارہے ہیں۔ حیدر آباد ماہرین تعلیم اسکالرز پرمشتمل گیارہ رکنی کمیٹی سابق وائس چانسلر مہران یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدیر راجپوت کی قیادت میں سیکرٹریز اور کنٹرولز کے امیداروں کے لیے انٹرویوز کررہی ہے۔ انٹرویو کمیٹی میں سندھ کی جامعات سے تعلق رکھنے والے ماہرین تعلیم پروفیسر ڈاکٹر اے کیو مغل، پروفیسر ڈاکٹر نیلوفر شیخ، ڈاکٹر قیصر ودیگر شامل ہیں کمیٹی میں سابق سیکرٹری سندھ ہائر ایجوکیشن امتیاز قاضی بھی شامل ہیں جبکہ سندھ کے تعلیمی بورڈز میں ایڈیشنل چارجز اور قانونی تقاضے پورے کیے بغیر تعینات سیکرٹرز اور کنٹرولر نے عدالت عالیہ سے آئی بی اے ٹیسٹ روکنے کے لیے رجوع کیا تھا اور عدالت سے رجوع کرنے والے اکثر کنٹرولرز اور سیکرٹریز دوماہ قبل ہونے والے آئی بی اے ٹیسٹ میں شریک نہیں ہوئے۔ سندھ کے تقریباً تمام تعلیمی بورڈز میں بدعنوانی، لوٹ مار، اقرباء پروری کے کئی معاملات صوبائی، وفاقی تحقیقاتی اداروں میں زیر سماعت ہیں۔