مظفرآباد( صباح نیوز) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان جہاد کا اعلان کرے 40لاکھ مجاہدین پاک فوج کے شانہ بشانہ ہوں گے،بیس کیمپ کے حقیقی کردار کو بحال کرتے ہوئے ریگولر فورسز بحال کی جائے ،آج مظفرآباد میں مشاورت سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں، سینیٹر سراج الحق،وزیر اعظم راجا فارو ق حیدر خان سمیت قومی قائدین خطاب کریں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے مرکزی ایوان صحافت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی شیخ عقیل الرحمان،ڈپٹی سیکرٹری قاضی شاہد حمید ایڈووکیٹ،امیر جماعت اسلامی ضلع مظفرآباد سید ارشد بخاری،جے آئی یوتھ آزادکشمیر کے نائب صدر خالد زیدی سمیت دیگر قائدین ساتھ تھے ۔ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 54دن ہو گے مگر عالمی برادری میں سکوت کا سما ہے غذائی اجناس،ادویات،بچوں کا دودھ سب ختم ہو چکا حتیٰ کی شدید بیماری سے وفات پا جانے والوں کو تدفین تک نہیں کرنے دی جاتی لوگ اپنے گھروں کے اندر ہی اپنے پیاروں کے جنازے دفنا رہے ہیں اب بیس کیمپ کے عوام مزید انتظار نہیں کرسکتے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوںاور چارٹر کی روشنی میں اپنے جائز اور مبنی برحق جدوجہد کررہے ہیں وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ 1947ء میں مودی کے بڑوں کو سبق سیکھایا تھا ہم اپنی تاریخ دہرانے کے لیے تیار ہیں کشمیر کا بچہ بچہ پاک فوج کے شانہ بشانہ آزادی کی جدوجہد میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا ۔
ڈاکٹر خالد محمود