حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) مانجھند شہر کے رہائشی افراد نے شہر میں ترقیاتی کام نہ ہونے کیخلاف حیدر آباد پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہمارے علاقے کے مسائل کو فی الفور حل کرکے انصاف کیا جائے۔ اس موقع پر متاثرہ شہریوں، جمشید، قربان عمرانی، خادم کھوسو، غلام حسین ملاح ودیگر نے بتایا کہ گزشتہ 15 سال سے دانستہ طور پر زیادتی کی جارہی ہے اور شہر کو مکمل طو پر نظر انداز کیا جارہا ہے جبکہ ہماے علاقے میں حال ہی میں گیس بھی نکلی ہے لیکن انتظامیہ کی جانب سے مانجھند کے رہائشی نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے بجائے دیگر صوبوں سے افراد کو بلا کر روزگار دیا جارہا ہے اور یہاں کے ایک رہائشی کو بھی ملازمت نہیں دی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں پر 15 سرکاری اسکول ہیں لیکن اساتذہ نہ ہونے کی وجہ سے یہ اسکول بند ہیں، تعلقہ اسپتال میں 12 ڈاکٹرز کی اسامیوں پر صرف تین ڈاکٹر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے سندھ حکومت اور دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ علاقے کے مسائل کو فوری طور پر حل کرکے ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔