کشمیری جذبہ آزادی سے سرشار ہیں وہ ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں

46

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 117کے امیرعمران رشیدنے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بڑا انسانی المیہ جاری ہے۔ کشمیریوں نے آزادی کے لیے5لاکھ شہدا پیش کیے ہیں وہ جھکنے والے نہیں،56 دنوں سے جاری مسلسل کرفیو کے باوجود کشمیری ڈٹے ہوئے ہیں ایسی قوم کو مودی شکست نہیں دے سکتا۔کشمیری جذبہ آزادی سے سرشار ہیں وہ ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں اور دے رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں مودی کے کرفیو کوتوڑنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ حکومت پاکستان جہاد کا اعلان کرے، 80 لاکھ کشمیری کرفیو کی زد میں ہیں جو زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں 15لاکھ قابض بھارتی افواج اور آر ایس ایس کے مسلح غنڈے خواتین کی بے حرمتی کررہے ہیں اقوام عالم مذمتی بیان سے آگے بڑھنے کو تیار نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری اقوا م متحدہ کے چارٹر اور قراردادوں کے مطابق اپنے حق کی جدوجہد کررہے ہیں کشمیریوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی آزادی کے لیے دستیاب وسائل استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ6 اکتوبر کوناصرباغ تاپنجاب اسمبلی لاہورتک ہونے والے آزادی کشمیر مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں ڈاکٹر، انجینئر ز، تاجر، مزدور محنت کش، علما کرام اور طلبہ ودیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے تمام افراد کودعوت دی جاری ہے۔ جماعت اسلامی کا آزادی کشمیر مارچ ہر طبقے کے دل کی آواز ہے، ہم کسی کرپٹ لیڈر کو بچانے نہیں بلکہ کشمیری عوام پر ظلم وجبر کے خلاف بھارت کا مکروہ چہر ہ دنیا بھر میں بے نقاب کریںگے اور حکومت پاکستان پر دباو بڑھائیں کہ وہ کشمیریوں کی عملی مدد کیلیے اقدامات کرے۔