حیدرآباد:واپڈا کے 584 ملازمین مستقل کیے جائیں،یونین کا مطالبہ

54

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے سندھ کے جنرل سیکرٹری اقبال احمد خان نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ کچے ملازمین کو حکومت کی جانب سے مقرر کی گئی تنخواہوں سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں، کئی سال سے کام کرنے والے ملازمین کو پکا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حیسکو میں کام کرنے والے 584 ملازمین جو کہ 2013ء سے کام کررہے ہیں تاحال انہیں مستقل نہیں کیا گیا نہ ہی حکومت کی مقرر کی ہوئی تنخواہ ادا کی جارہی ہے، اس وقت بھی یہ لوگ 12848 روپے پر کام کررہے ہیں جبکہ کچے ملازمین مستقل ملازمین کے مقابلے میں روزانہ پانچ گھنٹے اضافی ڈیوٹی سرانجام دیتے ہیں یہ لوگ سردی، گرمی، برسات ہر وقت ڈیوٹی سرانجام دیتے نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت حیسکو میں تین ہزار ملازمین کی جگہ خالی پڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری حکم پر عمل درآمد کرنا بورڈ آف گورنرز کا کام ہے، جس کے چیئرمین محمد اسلم عقیلی اور ممبران میں کمشنر حیدر آباد، میرپور خاص، نوابشاہ شامل ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کچے ملازمین کو مستقل اور تنخواہوں میں اضافے کے ساتھ ہی دیگر سہولیات فوری طور پر ادا کی جائیں۔ اس موقع پر ملک سلطان علی، اعظم خان، محمد حنیف خان، رفیع الدین شاہ ودیگر بھی موجود تھے۔