حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد حیسکو ترجمان کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالحق میمن کی ہدایات پر بجلی چوروں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں، حیسکو ریجن کے تمام سب ڈویژنوں میں ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو بجلی چوری کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے دن رات کارروائیاں کر رہی ہیں۔ واجبات کی وصولی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اور بجلی چوری کے خاتمے کے لیے پورے حیسکو ریجن کے 13 اضلاع میں خصوصی ٹاسک فورسز، S&I، M&T کی ٹیموں کے ہمراہ کارروائیاںکی جارہی ہیں۔ اس سلسلے میں حیسکو چیف کی ہدایات پر چیف آپریٹنگ آفیسر محمد سلیم اور چیف انجینئر PMU زائد پرویز مغل نے آپریشن سب ڈویژن قاسم آباد کا اچانک دورہ کیا اور بجلی چوروں اور ناہندگان کیخلاف کارروائی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر مہران کالونی اور وارث پنہور پلازہ کے بجلی کے کنکشنوں کو چیک کیا گیا، جس میں زیادہ تر بجلی کنکشن سے چوری پائی گئی، جس پر فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے تمام کنکشن سے منسلک 100 کے وی اے کے 3 ٹرانسفارمر اتارنے کے لیے ایس ڈی او قاسم آباد کو ہدایات دیں اور تمام بجلی کنکشن کی بجلی قانونی طریقے سے استعمال کرنے کی ہدایات دیں اور کہا کہ جب تک اس علاقے میں غیرقانونی کنکشن چلتے رہیں گے، تب تک بجلی کی فراہمی نہیں دے سکتے۔ مزید برآں سرفراز کالونی، مٹیاری، بھٹ شاہ، ٹھٹھہ،دولتپور، سعید آباد، سجاول، ٹنڈوالہٰیار و دیگر علاقوں میں کارروائیوں کے دوران گھر گھر چیکنگ کی گئی، جس میں نادہندہ صارفین سے مجموعی طور پر 13 لاکھ 35 ہزار روپے کی وصولی کی گئی اور واجبات کی عدم ادائیگی پر 5 گاؤں کے 2 ٹرانسفارمر اتار کر بجلی کنکشن منقطع کیے گئے اور 136 سے زائد نادہندہ صارفین کے بجلی کنکشن منقطع کردیے گئے ہیں، جبکہ غیر قانونی طریقے سے چلنے والے 195 کنڈہ کنکشن منقطع کرکے بجلی چوروں کیخلاف مروجہ قانون کے تحت جرمانہ عائد کرکے ایف آئی آر درج کرانے کے لیے لیٹر جمع کرا دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایڈیشنل چیف انجینئر، سپرنٹنڈنگ انجینئر نوابشاہ محمد مٹھل شیخ نے ریکوری ٹیم کی کارکردگی چیک کرنے کے لیے آپریشن سب ڈویژن ہالا کا اچانک دورہ کیا اور خود بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف کارروائیاں کروائیں۔ واضح رہے کہ حیسکو چیف کے واضح احکامات ہیں کہ یہ کمرشل ادارہ بجلی کے بلوں کے پیسوں پر رواں دواں ہے، اس لیے بجلی خرید کر اپنے صارفین کو دیتے ہیں، لہٰذا کسی کو بھی مفت میں بجلی فراہمی نہیں کریں گے۔ حیسکو انتظامیہ اپنے معزز صارفین سے اپیل کرتا ہے کہ واجبات کی ادائیگی مقررہ وقت پر کریں تاکہ صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی میسر ہوسکے۔ بصورت دیگر بجلی منقطع کرکے سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔