آزادی کشمیر مارچ کی تیاریاں اپنے عروج پر ہیں ،اجمل حسین

54

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی115کے امیراجمل حسین بدرایڈووکیٹ اورجنرل سیکرٹری یوسف گل پراچہ نے کہا ہے کہ6 اکتوبر کو لاہورمیں ناصرباغ سے پنجاب اسمبلی تک ہونے والے آزادی کشمیرمارچ میں پی پی115سے کارکنان کی بھاری تعداد شرکت کرے گی جس کے لیے بھرپور تیاریاںکرلیں ہیں،رہنمائوں نے کہاکہ پوری قوم کشمیریوںکے لیے آوازبلندکررہی ہے حکمران تقریروں سے آگے بڑھ کراقدامات کریں۔اجمل حسین بدرنے کہاکہ قوم چاہتی ہے کہ فوج وہ فیصلہ کرے جو کشمیری چاہتے ہیں۔ ہمارے حکمران کشمیر کے لیے ہزار سال اور آخر گولی تک لڑنے کی باتیں کرتے ہیں اور یہ بھی کہتے ہیں کہ کشمیر کی مائیں بہنیں بیٹیاں ہماری مائیں بہنیں بیٹیاں ہیں مگر 56 دن سے تقریریں اور خطابات ہی کر رہے ہیں۔کشمیریوں پر ایک ایک لمحہ قیامت کا گزر رہاہے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو 80 لاکھ مسلمانوں کے لیے اجتماعی قبر بنادیا ہے۔ ہزاروں نوجوانوں کو عقوبت خانوں میں انسانیت سوز مظالم کا نشانہ بنا کر شہید اور زندگی بھر کے لیے معذور بنایا جارہاہے۔ سیکڑوں بچیوں کو اغوا کر کے ان کی عزتوں کو پامال کیا جارہاہے۔ لوگوں کو جمعہ پڑھنے کے لیے مسجدوں میں جانے کی اجازت نہیں مگر عالم اسلام کے بے حس حکمران ان مظلوموں کی چیخ و پکار پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔