حیدر آباد،حیسکو کی بجلی چوروں کیخلاف چوکیداری نظام کے تحت کارروائیاں

46

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیسکو ترجمان کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالحق میمن کی ہدایات پربجلی چوروں کیخلاف چوکیداری نظام کے تحت کارروائیاں جاری ہیں، جس میں بجلی کی لائنوں اور ٹرانسفارمرز کی حفاظت کی جارہی ہے تاکہ کوئی بجلی چور کنڈہ ڈال کر غیر قانونی طریقے سے بجلی استعمال نہ کرسکے۔ اس سلسلے میں حیسکو ریجن کے تمام سب ڈویژنوں میں نائٹ ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں، جو بجلی چوری کے خاتمے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ اس کے علاوہ حیسکو چیف نے تمام صارفین اور عوام سے اپیل کی ہے کہ بجلی چوروں کیخلاف کارروائیوں میں حیسکو عملے کے ساتھ مکمل تعاون کریں یہ آپ ہی کی بھلائی ہے۔ مزید برآں انہوں نے کہا کہ حیسکو ایک کمرشل ادارہ ہے جس بجلی خرید کر اپنے صارفین کو دیتا ہے لہٰذا جو چیز رقم کے عوض خریدی جائے وہ مفت میں نہیں دے سکتے اور اگر کوئی چوری کرتا ہے تو مروجہ قانون کے تحت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے اس کیخلاف FIR درج کراکے جرمانہ عائد کیا جاتا ہے تاکہ آئندہ کے لیے کنڈا لگا کر بجلی استعمال نہ کرسکے۔ واجبات کی وصولی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اور بجلی چوری کے خاتمے کے لیے پورے حیسکو ریجن کے 13 اضلاع میں خصوصی ٹاسک فورسز، S&I ، M&T کی ٹیموں کے ہمراہ کارروائیاںکی جارہی ہیں، خصوصی ٹیمیں گھر گھر جاکر موقع پر بجلی کے میٹر چیک کرنے کے ساتھ واجبات کی وصولی بھی چیک کررہی ہیں، نادہندہ ہونے کی صورت میں صارف کی بجلی کا کنکشن منقطع کردیا جاتا ہے اور بعد میں واجبات کی ادائیگی کے بعد بجلی بحال کی جاتی ہے۔ جو بل ادا کریگا اس کو بجلی فراہم کی جائیگی، جبکہ نادہندگان اپنے واجبات کی آسان ادائیگی کے لیے کسٹمرز سروس سینٹر پر جاکر بجلی کے بلوں کی اقساط بنواسکتے ہیں، مگر بل کی ادائیگی لازمی ہے۔ اس کے علاوہ ایسی صارفین جن کے بجلی کے بلوں کے متعلق مسئلے ہیں وہ ہر ہفتے کو کھلی کچہریوں میں جاکر اپنے مسائل جائز طریقے کے سے حل کرائیں، حیسکو چیف کی واضح ہدایات ہیں کہ بجلی چوری میں ملوث کسی بھی شخص کو کسی بھی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔