پاکستان پر حملہ چین پرحملہ تصور ہوگا‘ چینی صدر

113

راولپنڈی(صباح نیوز)چینی صدر نے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کو جب بھی ضرورت پڑی، بیجنگ خاموش نہیں رہے گا۔ چین ہر شعبہ میں پاکستان کی مدد کرے گا۔پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے آرمی چیف کے دورہ چین کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ نے مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی بھی کھل کر حمایت کی۔ انہوں نے دیرینہ دوست پاکستان کے ساتھ طویل شراکت داری اور اس کی معیشت بہتر بنانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کا کشمیر کے معاملے پر دورہ چین انتہائی کامیاب رہا،چینی صدر نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات کو چین پر بھی حملہ قرار دیا، وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر سے کہاکہ وہ مودی کو حالات سے خبردار کریں، عمران خان نے چینی صدر کو صنعتیں پاکستان منتقل کرنے کو کہا اور چین پر واضح کیا کہ ہمیں امداد نہیں چاہیے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بریفنگ میں بتایا کہ چینی صدر نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے ساتھ طویل شراکت داری کا فروغ اور اس کی معیشت کو بہتر بنانا چاہتے ہیںاورپاکستان کی معیشت کو پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستان کے ساتھ تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔