مسئلہ کشمیر کے حل کیلیے سیاسی و عسکری قیادت کو متحد ہونا پیگا، جماعت اسلامی سندھ

57

حیدرآباد(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے کشمیر مارچ میں اہلیان حیدرآباد بھرپور شرکت کریں گے۔کشمیر سے بھارتی قبضہ چھڑانے کے لیے سیاسی و عسکری قیادت قومی ایک پیج پر آنا پڑے گا، جماعت اسلامی پاکستان کی شہ رگ کشمیر کے لیے جہاد کے لیے تیار ہے حکومت کشمیر کے لیے زبانی جمع خرچ سے آگے بڑھے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے صوبائی رہنما ممتاز حسین سہتو ،ڈپٹی جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی سندھ عبدالوحید قریشی،امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید نے شہر بھر کے دوروں،دینی سیاسی جماعتوں کے رہنما،سماجی،تاجر تنظیموں،شہریوں اور کارکنان سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت ملنے اور مظلوم، محصور کشمیریوں کی مدد کے لیے جہاد فی سبیل اللہ ہی حل ہے۔ مودی کو متنبہ کرتے ہیں کہ مظالم بند کرے ایسا نہ ہوکہ لوگوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو جائے۔ اس وقت اسلامیان پاکستان کا دینی فریضہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے اہل ایمان کی مدد کے لیے متحد ہوں اور مودی سرکار کے مکروہ و ظالمانہ اقدامات کے خلاف آواز بلند کریں اسی جذبے کے پیش نظر جماعت اسلامی حیدرآباد کے تحت13 اکتوبر کوحیدرآباد میں عظیم الشان کشمیر مارچ کا انعقاد کیا جارہا ہے،کارکنان واہل حیدرآباد سے اپیل ہے کہ وہ اس مارچ میں بھرپور شرکت کرکے دنیا بھر کو پیغام دیں کہ کشمیر آج بھی پاکستان کی شہ رگ ہے جس کو پاکستان سے الگ نہیں کیا جاسکتا پاکستانی عوام کل بھی کشمیریوں کے ساتھ کھڑے تھے اور آزادی کا سورج ابھرنے تک ان کے ساتھ ر ہیں گے۔ بھارت اور اس کے سرپرست مظلوم کشمیریوں کی زبردست تحریک آزادی سے خوفزدہ ہیں لیکن وہ دن دور نہیں جب کشمیر کے مظلوم مسلمان آزادی کے سورج کو اپنی آنکھوں سے ابھرتا دیکھیں گے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی سطح پر انسانی حقوق کے نام نہاد علمبرداروں کی خاموشی انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ بھارت اگر کشمیری عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے تو اس میں اصل قصور ان عالمی اداروں اور طاقتوں کا ہے جو مسلمانوں کے ساتھ دہرا معیار و رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔