قاسم آباد میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر بلدیہ کی نااہلی ہے، عمران قریشی

78

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما عمران قریشی نے کہا ہے کہ قاسم آباد میں صحت وصفائی کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔ میونسپل کمیٹی کے چیئرمین کاشف شورو کی نااہلی کے سبب جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں ۔ کئی کئی روز تک کچرا نہیں اٹھایا جاتا۔ کروڑوں روپے کے فنڈز ہونے کے باوجود نہ تو سڑکوں پر جھاڑو دی جارہی ہے اور نہ ہی تعمیر وترقی کے کام کیے جارہے ہیں۔ فٹ پاتھوں پر قبضے کرا دیے گئے ہیں۔ قاسم آباد کے بیشتر علاقوں میں گٹر کا گندا پانی جمع ہونے کی وجہ سے تعفن پھیل رہا ہے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نہ تو خود کوئی کام کررہی ہے اور نہ ہی میونسپل کارپوریشن سمیت دیگر اداروں سے باز پرس کرنے کو تیا رہے۔ عوام کی بہتری کے لیے کام کرنے والے ادارے خود عوام کو ابتری میں مبتلا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہی صورتحال رہی تو قاسم آباد سمیت حیدرآبا دکے عوام ذہنی مریض بن جائیں گے۔ انہوں نے چیئرمین نیب، چیئرمین اینٹی کرپشن اور دیگر تحقیقاتی اداروں کے سربراہان سے اپیل کی کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لیں اور بدعنوانی میں ملوث قاسم آباد میونسپل کمیٹی کے چیئرمین سمیت دیگر افسران کیخلاف کارروائی کریں۔