شہر میں عارضی گاربیج اسٹیشنوں کو 21 اکتوبر تک ختم کردینگے ، روشن شیخ

106

کراچی (رپورٹ : محمد انور) حکومت سندھ کے سیکرٹری بلدیات وشہری منصوبہ بندی روشن علی شیخ نے کہا کہ حکومت سندھ کی کراچی میں ایک ماہ کی صفائی مہم بھر پور طریقے سے جاری ہے جو21 اکتوبر تک جاری رہے گی اور اس مہم کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں قائم کیے گئے عارضی گاربیج اسٹیشنوں( کچرا گھروں) کو21 اکتوبر کو ختم کر دیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو “جسارت” سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ سیکرٹری بلدیات کا کہنا تھا کہ حکومت کا محکمہ بلدیات اس مہم کے کامیابی کے لیے بھر پور توجہ دے رہا ہے۔اس مہم کے دوران اب تک 3 لاکھ 10 ہزار ٹن بچا ہوا کچرا ٹھکانے لگایا جاچکا ہے۔ تمام کچرا شہر سے دور لینڈ فل سائٹس پر پھینکا جارہا ہے جبکہ روزانہ 18 ہزار تا 20 ہزار ٹن کچرے کو اٹھایا جارہا ہے جو اس سے قبل زیادہ سے زیادہ 7ہزار ٹن اٹھایا جاتا تھا۔ روشن شیخ کا کہنا تھا کہ اس مہم کے لیے یونیورسٹی روڈ سمیت شہر کے مختلف مقامات پر مقائم کیے جانے والے عارضی کچرا گھروں سے شہریوں کو ہونے والی ذہنی کوفت سے حکومت آگاہ ہے۔اس لیے ان کچرا گھروں کو 21 اکتوبر کو ختم کردیا جائے گا اور یہاں کوڑا کرکٹ پھینکنے پر پابندی عاید کردی جائے گی۔ سیکرٹری بلدیات کا کہنا تھا کہ حکومت کی صفائی مہم پورے شہر میں جاری ہے اس مہم کے لیے ڈی ایم سیز ، ڈسٹرکٹ کونسل اور کنٹونمنٹ بورڈز کے علاقوں سے کچرے کو اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کی کام کو یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنرز کی بھی خدمات حاصل کی جارہی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سندھ سولڈویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور دیگر ادارے 21 اکتوبر تک تمام بچا ہوا کچرا ٹھکانے لگانے کا کام مکمل کرلیں گے جس کے بعد صرف یومیہ پیدا ہونے والے کچرے کو اٹھانے کا کام جاری رہے گا جس سے شہری واضح طور پر شہر صاف ستھرا دیکھ سکیں گے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ اس مہم کی کامیابی کے لیے وزرا پر مشتمل کمیٹی متعلقہ علاقوں میں خود مانیٹرنگ کررہی ہے۔ سیکرٹری بلدیات کا مزید کہنا یہ تھا کہ حکومت لوگوں میں صفائی ستھرائی کا رجحان پیدا کرنے اور صفائی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے جلد ہی این جی اووز اور صنعتکاروں کی انجمن کے تعاون و مدد سے مختلف پروگرام کے انعقاد پر غور بھی کررہی ہے۔
روشن شیخ