حکومت اور منتخب نمائندے 30 سال میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کراسکے

64

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) قاسم آباد فیز 2 کے رہائشی سکندر علی سولنگی، زاہد قریشی، وقار قریشی اور محمود حسین نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قاسم آباد کے علاقے فیز 2 میں حکومت اور بلدیاتی نمائندے 25 سے 30 سال میں کوئی بھی ترقیاتی کام نہیں کراسکے ہیں۔ جہاں جگہ جگہ گٹر کا پانی جمع ہے ، علاقے کے لوگ اپنی مدد آپ کے تحت 30سے 40 ہزار روپے خرچ کرکے نکاسی آب کے نظام کی مرمت کراتے ہیں جبکہ علاقے میں رہنے والے بااثر شخص منظور میمن ، اسسٹنٹ کمشنر قاسم آباد کے ذریعے نکاسی کے نظام کو انکروچمنٹ ظاہر کرکے مسمار کراچکا ہے جوکہ ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرینج نظام کی وجہ سے گٹر کا گندا پانی گھروں میں آرہا ہے جبکہ اس وقت ملک میں ڈینگی وائرس بھی تیزی سے پھیل رہا ہے اور ہر گھر کے آگے گٹر کا پانی جمع ہونے کی وجہ سے سخت پریشانی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کمشنر حیدرآباد، ڈپٹی کمشنر اور دیگر حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس صورتحال کا نوٹس لیا جائے اور ڈرینج سسٹم کو بہتر بناکر شہریوں کو پریشانی سے نجات دلائی جائے۔