حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ حکومتی امتیازی سلوک غیر مناسب ہے۔ پیپلز پارٹی سیاسی رواداری اور عوامی بھائی چارے پر یقین رکھتی ہے لیکن موجودہ حکومت نے جس طرح سے سیاسی جماعتوں کی کردار کشی اور انہیں دیوار سے لگانے کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے، اس کے ملک پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ آج پاکستان میں معاشی عدم استحکام خاص طور پر سندھ کے عوام میں بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے۔ مہنگائی، بیروزگاری عروج پر پہنچ گئی ہے۔ ہر آنے والے دن کے ساتھ روزمرہ کے استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں من مانے اضافے کردیے جاتے ہیں، جس سے غریب عوام کا چولہا ٹھنڈا ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفید پوش اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے عوام انتہائی بدحالی کا شکار ہیں۔ حکومت معاشی استحکام اور عوام کی خوشحالی کے لیے کام کرنے کے بجائے عوام کو بھوک و افلاس میں مبتلا کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر یہی صورتحال رہی تو پھر جلد ہی عوام سڑکوں پر نکل آئیں گے اور اس حکومت کا برسراقتدار رہنا ناممکن ہوجائے گا۔ جب سے پی ٹی آئی کی حکومت اقتدار میں آئی ہے شاید ہی کوئی دن ایسا ہو کہ مہنگائی اور غربت میں اضافہ نہ ہورہا ہے۔