حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ادارے کے افسران اور ملازمین ایک گاڑی کے دو پہیوں کی مانند ہیں اور ان گاڑی کے دونوں پہیوں کو ہمارے ڈرائیور بھائی چلار ہے ہیں، یونین نے جدوجہد کرکے ڈرائیورز کے لیے بھی اسکیل اپ گریڈیشن کرا دیے گئے ہیں، ہمیں خوشی ہے کہ آج ان کی جانب سے یونین کے ساتھ اظہار تشکر کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔ ان خیالات کی اظہار آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے) کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی نے حیسکو ہیڈ کوارٹرز ٹرانسپورٹ اسٹاف کی جانب سے ڈرائیورز کو اپ گریڈیشن دلانے کی خوشی میں اظہار تشکر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر یونین کے صوبائی سیکرٹری اقبال احمد خان، ملک سلطان علی، اعظم خان، محمد حنیف خان، عبدالمناف نظامانی، عبدالوحید پٹھان، اسلم میمن، ملک روشن تقریب کے منتظمین اور ٹرانسپورٹ یونین کے چیئرمین محمد خالد خاصخیلی، لیاقت علی، لیاقت سولنگی، سکندر علی، عبدالحکیم جمالی، عبدالکریم بلوچ، ممتاز علی، عبدالسلام راجپوت اور عبدالقدوس بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائد مزدور نے مزید کہا کہ یونین کا کام کوشش کرنا جس طرح یونین نے ٹرانسپورٹ اسٹاف کا دیرینہ ہے مطالبہ ان کی اپ گریڈیشن کا پورا کیا تو میں انہیں بتا دینا چاہتا ہوں کہ بات مراعات کی ابھی آپ کے لیے ختم نہیں ہوئی بلکہ ان کے لیے بھی رسک الائونس کی جدوجہد کی جائے گی کیونکہ وہ بھی رسک کے عمل سے مسلسل گزرتے ہیں۔ آج ہمارے ڈرائیورز اسکیل گیارہ تک پہنچ چکے ہیں، مجھے خوشی ہے کہ آج ٹرانسپورٹ اسٹاف نے بھی تقریب کا انعقاد کرکے یونین سے اپنی محبت اور اظہار تشکر کیا ہے، میں ان کا دلی ممنون ہوں اور کامیاب تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونین نے ڈیلی کی حد 10 سے بڑھا کر 15 کرا دی ہے تاکہ ڈیلی جو آدھی ہوگئی ہے، اس کے نقصان سے بچا جاسکے۔ اس کے علاوہ موبائل سم کی سہولت بھی آپ کو حاصل ہے۔ تقریب سے صوبائی سیکرٹری اقبال احمد خان، چیئرمین ٹرانسپورٹ پول محمد خالد خاصخیلی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی محفل محبت اور خیرسگالی کی تقریب ہے جس کا مقصد ٹرانسپورٹ اسٹاف کے مسائل کو سننا اور ان کے تدارک کے کے لیے جدوجہد کرنا ہے، ہمارے ڈرائیورز حضرات اوقات کار زائد کام کرتے ہیں وہ صبح آفس ٹائم سے قبل افسران وملازمین کو لانے کی خدمات انجام دیتے اور پھر سب کو چھوڑ کر آخر میں خود گھر جاتے ہیں۔ تقریب میں حیدرآباد کے علاوہ بدین، ٹنڈو محمد خان، ماتلی، تلھار، ٹھٹھہ، میرپورخاص اور نوابشاہ ودیگر شہروں سے بھی ڈرائیور حضرات نے تقریب میں شرکت کی اور ٹرانسپورٹ پول سے اظہار یکجہتی کا اظہار کیا۔