حیسکو سب ڈویژن گاڑی کھاتہ کے عملے کا انسانیت سوز سلوک

53

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیسکو سب ڈویژن گاڑی کھاتہ کا بل ادا کرنے والے صارفین کے ساتھ انسانیت سوز سلوک، بھائی خان پلازہ ریشم بازار کی بجلی کاٹ دی، باقاعدگی کے ساتھ بجلی کے بل ادا کرنے والے صارفین چھے روز سے بجلی سے محروم۔ حیسکو سب ڈویژن گاڑی کھاتہ کے ایس ڈی او ارشد شیخ نے اپنے عملے کے ساتھ مل کر بھائی خان پلازہ ریشم بازار کی بجلی چھے روز قبل منقطع کردی تھی۔ جب ان سے متاثرہ صارفین نے رابطہ کیا تو کہا گیا کہ پلازہ میں کنڈوں کے ذریعے بجلی استعمال کی جارہی ہے جبکہ علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا کہ گاڑی کھاتہ سب ڈویژن حیسکو کی حدود میں چونکہ زیادہ تر کاروباری علاقے آتے ہیں ریشم بازار، حیدر چوک، کھوکھر محلہ، اسٹیشن روڈ، چھوٹکی گھٹی، شاہی بازار اور دیگر علاقوں میں بڑی بڑی مارکیٹیں اور بازار ہیں ان کاروبای مقامات سے حیسکو سب ڈویژن کے ایس ڈی او اور عملے کو کروڑوں رپوے ماہانہ بھتا ملتا ہے جس کی وجہ سے ان علاقوں میں رہائش پذیر ہزاروں گھرانوں پر حیسکو نے ڈیڈیکشن لگا کر ہر ایک گھر کو بلا جواز اور غیر قانونی طور پر لاکھوں روپے کے قرض دار بنایا ہوا ہے اور اس کی آڑ میں غریب اور شریف شہریوں کو بلیک میل کیا جارہا ہے۔ شہریوں نے بتایا کہ کیا ایس ڈی او ارشد شیخ کو جو خود نور پلازہ ریشم بازار میں رہتے ہیں معلوم نہیں کہ ریشم بازار میں کتنے ہزار یونٹس کنڈے کے ذریعے ان کے عملے نے لاکھوں روپے ماہانہ کے عوض دکانداروں کو فروخت کر رکھے ہیں اور ان یونٹس کو رہائشی افراد کے کھاتے میں ڈیڈیکشن کے نام پر ڈال کر شہریوں کو بیج رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حسیکو حکام کو یہ دکھائی نہیں دیتا کہ جو شہری کچھ عرصے پہلے اپنا بل ادا کررہا ہے وہ چوری کیونکر کرے گا۔ چوری پہلے بھی حیسکو کا عملہ کراتا تھا اور آج بھی یہی عملہ ملوث ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر پانی وبجلی حیسکو چیف سمیت دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ ایس ڈی او گاڑی کھاتہ سب ڈویژن حیسکو ارشد شیخ اور ان کی کرپٹ ٹیم کے خلاف تحقیقات کرکے کارروائی کی جائے اور شہریوں کو فی کس لاکھوں کے مبینہ جعلی ڈیڈیکشن بلوں سے نجات دلائی جائے۔ بھائی خان پلازہ کی بجلی فی الفور بحال کی جائے۔