بھارت نے مقبوضہ کشمیر اسمبلی ختم کردی،شہید مجاہد کے جنازے کیلیے نوجوانوں نے کرفیو توڑ دیا

49

سری نگر(خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کو ختم کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا۔نیوز ایجنسی ساتھ ایشین وائرکے مطابق حکومتی حکم نامے میں کہا گیاہے کہ قانون ساز کونسل کے اضافی سیکرٹری اور 3ڈپٹی سیکرٹری سمیت 116رکنی عملہ 22اکتوبر تک جی اے ڈی کو رپورٹ کرے۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ قانون ساز کونسل کے ذریعہ وقتا فوقتا خریدی گئی تمام گاڑیاں ڈائریکٹر اسٹیٹ موٹر گیراج ، عمارت ، فرنیچر اور الیکٹرانک گیجٹس کو ڈائریکٹر اسٹیٹ اور سرکاری ریکارڈ کومحکمہ قانون وانصاف کے سپرد کیا جائے۔علاوہ ازیں مقبوضہ وادی میں مسلسل 74ویں روز فوجی محاصرہ جاری رہا۔اس کے باوجود سیکڑوں کشمیری نوجوانوں نے کرفیو توڑ کر شہید مجاہد رہنما ناصر چادرو کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ شہید کی نماز جنازہ اسلام آباد (اننت ناگ) کے علاقہ اروانی میں ادا کی گئی۔اس موقع پر ہزاروں افراد موجود تھے۔ ناصر چادروبیج بہارہ کے علاقہ پزلگام میں عاقب شیخ اورزاہد احمد کے ہمراہ شہید ہوئے تھے۔ شہید نوجوانوں کے آخری دیدار کے لیے خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں لوگ اْمنڈ آئے۔ لوگوں نے اس موقع پرآزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے اور پاکستانی پرچم لہرائے۔ مزاحمتی یوتھ لیگ نے آئندہ ہفتے کے لیے احتجاجی کیلنڈر جاری کرتے ہوئے کشمیریوںپر زوردیا ہے کہ وہ پروگراموں پر پوری طرح عمل کریں۔دوسری جانب لندن میں کشمیر کانفرنس کے مقررین نے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیرمیں بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوںکا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ کانفرنس میں پاکستانی ہائی کمشنر محمد نفیس زکریا اور برطانوی اراکین پارلیمنٹ نے شرکت کی۔کشمیری پس منظر رکھنے والے متعدد مقرریننے جذباتی تقاریر میں کشمیری عوام کی حالت زار کے بارے میں بتایا اور تنازع کشمیر کے حل کی غرض سے مزید اقدامات کرنے کے لیے برطانوی حکومت پر زوردیا۔
مقبوضہ کشمیر