سائٹ ایریا کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کیے جائیں ،دولت رام لوہانہ

58

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر دولت رام لوہانہ کی سربراہی میں تاجر برادری کے نمائندہ وفد نے ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی ریحانہ لغاری سے ملاقات کی۔ ڈپٹی اسپیکر نے تاجر برادری کے وفد کو مکمل تعاون اور مسائل کو ہر سطح پر حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ صدر دولت رام لوہانہ نے ڈپٹی اسپیکر کو تاجروںکو حکومت سندھ اور ضلعی سطح پر مختلف محکموں میں حل طلب مسائل سے آگاہ کیا اور اُن سے درخواست کی کہ وہ اپنا اَثر و رُسوخ استعمال کر کے خاص طور پر سائٹ ایریا سے متعلق مسائل جو ایم ڈی سندھ انڈسٹریل ٹریڈنگ اسٹیٹ لمیٹڈ اور دیگر محکموں سے متعلق ہیں ان کو ہنگامی بنیادوںپر حل کیاجائے۔ اُنہوں نے آگاہ کیا کہ حیدرآباد چیمبر وزارت کامرس حکومت پاکستان سے لائسنس شدہ واحد ادارہ ہے جو تاجر برادری کے قانونی طور پر مسائل حل کرانے کا اختیار رکھا ہے۔ لیکن حکومتی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر جو مختلف اَمور سے متعلق کمیٹیاں اور بورڈز تشکیل دیئے جاتے ہیں اُن میں حیدرآباد چیمبر کو نمائندگی نہیں دی جاتی جبکہ غیر لائسنس یافتہ انجمنوں کو نمائندگی دے دی جاتی ہے جو انصاف اور قانونی قواعد کے خلاف ہے۔ ڈپٹی اسپیکر نے یقین دہانی کرائی کہ ان کی شکایت کا ازالہ کیا جائے گا۔ اس سے قبل صدر دولت رام لوہانہ نے ڈپٹی اسپیکر کو چیمبر کی جانب سے شیلڈ پیش کی اور چیمبر آنے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔ اس موقع پر وفد میں سینئر نائب صدر معیز عباس، نائب صدر محمد یاسین خلجی، سابق صدر محمد اکرم انصاری، حاجی محمد یعقوب، حاجی یوسف سلیمان، مرتضیٰ ایزی، رکن چیمبر و سندھ اسمبلی ندیم احمد صدیقی، سلیم الدین قریشی اور فرحان اقبال شامل تھے۔
دولت رام لوہانہ