حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف جمعیت علما اسلام (س) نے بھارت کیخلاف یوم مذمت منایا۔ اس حوالے سے مختلف مساجد اور مدارس میں مذمتی اجتماعات ہوئے، جن سے جمعیت کے ضلعی امیر مولانا عبدالواحد خان سواتی، حافظ ارمان چوہان، قاری سعد اللہ، محمد علی شیخ، مولانا اشر بنوری، عبدالحمید مغل ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 75 دنوں سے کشمیری عوام کو یرغمال بنا رکھا ہے اور ساری وادی کو جیل خانے میں تبدیل کردیا ہے، جس کی وجہ سے 80 لاکھ کے قریب کشمیری عوام تمام سہولیات سے محروم ہیں، بھارتی ظلم کی وجہ سے خوراک، دوائیں ودیگر اشیا ناپید ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کو چاہیے کہ وہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی سے روکے اور فوری طور پر کرفیو ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی صورت اپنے کشمیری بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان اپنی شہ رگ سے دستبردار نہیں ہوگا۔