حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن پاکستان کے مرکزی سینئر نائب صدر اور مزدور رہنما محبوب علی قریشی نے ایچ ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل اور ایم ڈی واسا کے ظالمانہ مزدور دشمن اقدامات اور عدالتوں کے فیصلوں پر عمل نہ کرنے، عدالتوں کے حکم کے تحت ملازمین کو ملازمتوں پر بحال نہ کرنے کے عمل کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایچ ڈی اے انتظامیہ نے اپنے سینئر ملازمین کو یکم جولائی 2016ء کو بلا جواز برطرفی کے لیٹر دیے بغیر ملازمتوں سے برطرف کردیا تھا۔ اس غیر قانونی عمل کیخلاف ملازمین نے سندھ لیبر کورٹ نمبر 6 حیدر آباد میں ان کیسوں کی سماعت مکمل کرکے ملازمتوں پر بحال کرنے کا فیصلہ دیا، جس کو ایک سال گزر جانے کے باوجود عمل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، سیکرٹری سندھ، وزیر بلدیات ودیگر نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ملازمین کو بحال کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔