بلدیہ میٹ سیکشن عملے پر حملہ،قبضے میں لیا گیا گوشت چھین لیا گیا

43

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ میٹ سیکشن کی جانب سے فقیر کا پڑ، آفندی ٹاؤن، پریٹ آباد میں مضر صحت گوشت اور غیر قانونی مذبحہ میں کاٹے جانے والے گوشت کو تحویل میں لینے کا معاملہ بلدیہ عملے اور قصابوں میں تصادم کی صورت اختیار کرگیا، میٹ سیکشن کے عملے نے کارروائی کے دوران شدید مزاحمت اور ہنگامی آرائی کے بعد عملے کے افراد نو من گوشت تحویل میں لے کر بلدیہ میٹ سیکشن کے دفتر پہنچے، جہاں دو درجن سے زائد مشتعل قصاب سخی پیر پولیس کے ہمراہ پہنچ گئے جہاں میٹ سیکشن کے انچارج ندیم غوری ودیگر ملازمین اور قصابوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔ بعد ازاں قصاب میٹ عملے کی جانب سے تحویل میں لیا ہوا گوشت چھین کر فرار ہوگئے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ چند روز قبل بلدیہ میٹ سیکشن سٹی کا چارج سنبھالنے والے ندیم غوری عرف بکلے کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے اور وہ بلدیہ لیبر ڈویژن کو فعال کرنے کے لیے متحرک ہے جبکہ بلدیہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریکارڈ کے مطابق ندیم غوری نائب قاصد بھرتی ہوا تھا اور پندرہ سال سے زائد کراچی میں ایم کیو ایم کی تنظیمی ذمے داریاں انجام دیتا رہا ہے جبکہ اس دوران بھی وہ بلدیہ کا ملازم کی حیثیت سے تنخواہ وصول کرتا رہا ہے۔