سندھ کی جامعات میں حالیہ تقرریوں سے اہل اُمیدواروں میں مایوسی پھیلی، شبیر قائمخانی

33

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی سندھ کونسل کے صدر شبیر قائم خانی نے سندھ حکومت کی تقرری کے لیے لیے گئے ٹیسٹ میں فیل ہونے والے اُمیدواروں کو خلاف ضابطہ سندھ کی جامعات میں اعلیٰ عہدوں پر تقرر کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے ہر شعبے میں کرپشن و بدانتظامی، اقربا پروری کی مثالیں قائم کی ہوئی ہیں، جس کا ثبوت آج سندھ تباہ حالی کا شکار ہے اور اہل اُمیدواروں کی حق تلفی کی ہوئی ہے۔ ملازمتوں میں سفارش، سیاسی رشوت ان کا وتیرہ ہے۔ سندھ کی جامعات میں حالیہ تقرریوں سے اہل اُمیدواروں میں مایوسی پھیلی ہے اور ان کا اس نظام سے اعتبار اُٹھ گیا ہے۔ جامعات میں کلیدی عہدوں پر اس خلاف ضابطہ تقرری کا مقصد کرپشن کو فروغ دینا ہے۔