کراچی(سید وزیر علی قادری)دنیائے کرکٹ میں ٹی 10لیگ نے جہاں شائقین اور کرکٹ کے متوالوں کو اپنے سحر میں لیا ہے وہیں کرکٹ کے بڑے ستارے ابوظبی میں چمکنے کو تیار ہیں۔اسی طرح کاروباری اداروں نے بھی مستقبل کی کرکٹ کے حوالے سے منتظمین سے رابطے بھی کیے اور اپنی خدمات بھی پیش کیں۔ ان میں اتحاد ائیرویز آفیشل پارٹنر کے طور پر سامنے آگیا۔ جس نے ابوظہبی کرکٹ ایسوسی ایشن اور ٹی 10لیگ آرگنائزنگ کمیٹی کے ساتھ معاہدہ پر دستخط کردیے۔ دریں اثنا ٹیموں نے اپنے کھلاڑی چن لئے ہیں جن میں کئی نامور پاکستانی کرکٹر بھی شامل ہیں۔ ابوظبی ٹی 10 لیگ میں پاکستانی ستاروں نے نمایاں جگہ بنائی ہے جن میںسرفہرست شاہد آفریدی ، وہاب ریاض، محمدعامر، محمد حفیط ، شعیب ملک ، عماد وسیم اور فہیم اشرف ہیں اس کے علاوہ دنیا کے مانے ہویے سپر اسٹارز بھی میدان میں جوہر دکھاتے نظرآئیں گے۔ ٹی 10 لیگ کی دفاعی چیمپیئن نادرن وارئیر ہے جس نے ڈیرن سیمی کو ٹیم آئیکون کے طور پر چنا ہے، ساتھ ہی آندرے رسل اور پاکستانی ٹاپ کلاس بالر وہاب ریاض کو بھی جگہ دی ہے۔ ابوظبی ٹی 10 میں ٹیم ابوظبی نیا اضافہ ہے۔ جس کے آئیکون معین علی ہیں ٹیم نے پاکستانی بولر محمد عامر کونمایاں جگہ دی ہے ساتھ ہی سری لنکن نیروشان اور کیوی آل راؤنڈر اینڈرسن بھی شامل ہیں۔ مراٹھا عریبین آئیکون کرس لینن ہیں جبکہ ٹیم میں ملنگا، ڈیوان براوو اور کیڈوک والٹن شامل ہیں۔ دکن گلیڈئیٹرز نے کیرن پولاڈ کو چنا ہے ٹیم آئیکون شین واٹسن ہوں گے۔ اس کے علاوہ فواد خان، اور ظہورخان بھی ایکشن میں نظرآئیں گے۔ دہلی بلز کی قیادت عالمی کپ کی فاتح انگلینڈ کے آئن مورگن ہوں گے جو ٹیم کے آئیکون کھلاڑی بھی ہیں ٹیم نے سابق پاکستانی کپتان شعیب ملک اور عماریاسین کو بھی چنا ہے۔