راولپنڈی (اے پی پی) انٹر سروسز انٹیلی جنس (آ ئی ایس آئی) کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل(ر) حمید گل (مرحوم) کی اہلیہ طویل علالت کے بعدانتقال کرگئیں، مرحومہ کی نماز جنازہ آج دوپہر ڈھائی بجے آرمی قبرستان ریس کورس، ویسٹریج راولپنڈی کینٹ میں ادا کی جائے گی۔ ان کے انتقال کی اطلاع ملتے ہی تینوں مسلح افواج کے اعلیٰ فوجی، سرکاری اور سول حکام سمیت قومی سیاسی قائدین اور دینی جماعتوں کے مرکزی رہنماؤں سمیت زندگی کے تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات کی بڑی تعداد نے مرحومہ کی اولادوں محمد عبداللہ گل، عظمیٰ گل اور عمر گل سمیت سوگوار خاندان کے دیگر افراد سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ جنرل(ر) حمید گل کی رہائش گاہ پر دن بھر تعزیت کیلیے آنے والوں کا تانتا بندھا رہا۔ عام شہریوں سمیت جنرل(ر) حمید گل کے دوستوں، ان کے کورس میٹس اور تینوں مسلح افواج کے سابق سروسز چیفس، سابق کور کمانڈرز اور سینئر جرنیلوں اور ایکس سروس مین کی ایک بڑی تعداد نے بھی ان کے خاندان سے رابطہ کرکے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ ملک کی دینی اور سیاسی جماعتوں کے مرکزی رہنماؤں نے بھی محمد عبداللہ گل سے رابطے اور ملاقات کر کے ان سے افسوس کا اظہار کیا ہے۔