ڈکیتی کی وارداتوں نے بھٹہ مالکان میں خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے

64

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی )ضلعی صدر انجمن مالکان بھٹہ خشت ایسوسی ایشن چودھری عبدالرزاق باجوہ نے ضلع بھر کے بھٹہ مالکان کے ساتھ ہونے والی ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی مسلسل وارداتوں پرتشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈکیتی کی وارداتوں نے بھٹہ مالکان اور مزدوروںمیں خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔ ڈاکو دن دہاڑے بھٹوں پر کھلے عام دندناتے پھر رہے ہیں جبکہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عملاً خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چک نمبر57ج،ب بڑا کھیالہ میں سیکر ٹری فنانس میاں یوسف کے بھٹے پر مالکان کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میاں فرمان ،چودھری اشرف گجر،حاجی اسلام، رانا آصف صادق،رانا صدیق بلو، میاں زین العابدین،حاجی غلام مصطفی،حاجی الطاف ، رانا رشید اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹے کاکاروبار دیہات کا کلچر ہے۔ بھٹوں کے ارد گرد چار دیواری نہیں ہوتی ۔ مالکان اپنے طور پر سیکورٹی کا بندو بست کرتے ہیں جو ناکافی ہے۔ پچھلے چند دنوں میں ڈاکوچک 57ج،ب میں میاں مقصود سے ایک لاکھ 42ہزار چک نمبر 283گ،ب میاں شوکت کے بھٹہ سے 5لاکھ،چک نمبر243ر،ب عبدالسلام رحمانی کے بھٹہ سے4لاکھ،ڈجکوٹ روڈ،سمندری روڈ ،نڑوالا روڈ ، جھنگ روڈ،ملت روڈ،جڑانوالہ روڈ، پنج گرائیاں، ستیانہ روڈ سیکٹرمیں بھٹوں پر بھی ڈکیتی کی متعدد وارداتیں ہو چکی ہیں ۔متعلقہ تھانوں میں متعدد بار درخواستیں دی ہیں مگر پولیس کسی ایک بھی واردات کے ڈا کو پکڑنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ۔انہوں نے آئی جی پنجاب ،آر پی او،سی پی او فیصل آباد کو متنبہ کیا کہ فوری طور اس امن و امان کی بحالی پر توجہ دی جائے اوربھٹہ مالکان کے جان و مال کو کو تحفظ فراہم کیا جائے ورنہ کسی بھی ناخوشگوار صورت حال کی کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر ہو گی۔انہوں نے تھانہ ساندل بار کے ایس ایچ او کا بھی تبادلہ کرنے کا مطالبہ کیا ۔