بااثر افراد کی گوٹھ سے بیدخل کرنے اور سنگین نتائج کی دھمکیوں کا نوٹس لیا جائے، عبدالغنی آریسر

62

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ضلع عمرکوٹ کے شہر دھورو نارو کے رہائشی قلم نگار عبدالغنی آریسر نے اپنے بھتیجے اشفاق احمد کے ہمراہ حیدرآباد پریس کلب کے سامنے پہنچ کر پرانی دشمنی کی بنا پر بااثر افراد کی جانب سے ہراساں کرنے کیخلاف احتجاج کیا۔ اس موقع پر انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ 10 سال قبل ہماری برادری میں پلاٹ کے تنازعہ پر جھگڑا ہوا تھا جس میں ایک نوجوان عبدالحکیم آریسر قتل ہوگیا تھا، جس کے کیس میں مرکزی ملزم لکھمیر آریسر کو عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی ہے جبکہ مذکورہ پلاٹ اور قتل کے حوالے سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے لیکن اس کے باوجود مذکورہ معاملے پر بااثر افراد ابو بکر آریسر، یاسر منصور، رضوان آریسر اور دیگر ہمیں گوٹھ سے بیدخل کرنے سمیت جھوٹے مقدمات میں ملوث کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں جبکہ مذکورہ بااثر افراد اسکول جانے والے ہمارے معصوم بچوں کو بھی بلاجواز تشدد کا نشانہ بنارہے ہیں، علاقہ پولیس بھی ہمیں تحفظ فراہم کرنے کے بجائے دھمکیاں دے رہی ہے۔ انہوں نے ارباب اختیار سے اپیل کی کہ معاملے کا نوٹس لے کر ہمیں تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے۔