راستوں کی بندش آمرانہ ذہنیت کی عکاسی ہے‘ اسفند یارولی

43

پشاور(آن لائن)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا اور پنجاب کو ملانے والی شاہراہ پر کنٹینرز لگانا آمرانہ ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے، جمہوری سوچ رکھنے والے کسی بھی احتجاج کو روکنے کے لیے تشدد یا راستوں کی بندش کا راستہ اختیار نہیں کرتی۔ احتجاج ہر شہری کا آئینی و قانونی حق ہے، اگر مولانافضل الرحمان یا دوسرے اپوزیشن رہنمائوں کو نظربند کرنے کی کوشش کی گئی تو حالات حکومت کے کنٹرول میں نہیں رہیں گے۔ ولی باغ چارسدہ سے جاری اپنے بیان میں اے این پی کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ حکومت نے آزادی مارچ کے خوف سے اسلام آباد سمیت پورے ملک میں راستے بند کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ اٹک پل کو بند کرنے کے لیے کنٹینرز پہنچائے جاچکے ہیں، سلیکٹڈ حکمران اپنی کرسی جاتے دیکھ کر غیرجمہوری اقدامات پر اترآئے ہیں۔ جو بھی ہو، کپتان کا گھر بھیجنا اٹل فیصلہ ہے جس کے لیے تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے راولپنڈی میں جے یو آئی کارکنان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے انہیں جلد سے جلد رہا کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ حکومت کسی بھی اقدام اٹھانے سے پہلے ہزار بار سوچ لیں۔ اپوزیشن کی تمام جماعتیں ایک پیج پر ہے اور کسی بھی فیصلے سے پہلے تمام رہنمائوں کو اعتماد میں لینے کے فیصلے سے آزادی مارچ مزید مضبوط ہوگی۔ اسفندیارولی خان کا کہنا تھا کہ کپتان نے اپنی پہلی تقریر میں اپوزیشن کو احتجاج کے لیے کنٹینر دینے کا وعدہ کیا تھا، اب وقت آگیا ہے کہ کپتان اپنا کیا ہوا وعدہ پورا کریں۔
اسفندیار ولی