سکھر ،شہریوں کا گیس کی لوڈشیڈنگ کیخلاف چولہا اٹھاکر انوکھا احتجاج

46

سکھر( نمائندہ جسارت)گیس کی لوڈ شیڈنگ اور بندش کے خلاف سول سوسائٹی کا چولہا ،سبزیاں،برتن اٹھا کر انوکھا احتجاج ،سکھر کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی آمد سے قبل ہی سوئی گیس انتظامیہ کی جانب سے گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ اور بندش کے خلاف شہریوں کی بڑی تعداد نے سول سوسائٹی سکھر کے نمائندگان نصیر گوپانگ،آصف علی راجپوت،حبیب اللہ انصاری و دیگر کی قیادت میں واری تڑ روڈ چوک پر سوئی گیس انتظامیہ کے خلاف چولہے،سبزیاں ،برتن اٹھا کر بند چولہوں پر روٹی بنانے کا علامتی انوکھا احتجاجی مظاہرہ کیا اور سوئی گیس انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مذکورہ سول سوسائٹی کے نمائندگان کا کہنا تھا کہ موسم سرما کی آمد سے قبل ہی سوئی گیس انتظامیہ نے رنگ دکھانا شروع کر دیا ہے ۔سکھر کے مختلف علاقوں میں گیس کی بندش اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے گھریلو اور کاروباری سرگرمیاں مفلوج ہو ہوگئی ہیں۔ شہری گیس کی وجہ سے پریشان حال ہیں لیکن شکایت کے باوجود شہریوں کی شکایت پر کسی قسم کاعملدرآمد نہیں ہو رہا ہے۔ شہریوں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے بالا حکام سے شہر سکھر میں سوئی گیس انتظامیہ کی جانب سے بلاجواز گیس کی لوڈ شیڈنگ اور بندش کا نوٹس لے کر شہریوں کو گیس کے حوالے سے درپیش مشکلات سے نجات دلانے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔